Saturday, July 27, 2024

نقیب اللہ قتل کیس ، راؤ انوار کی گرفتاری کیلئے سپریم کورٹ کی ڈیڈ لائن ختم

نقیب اللہ قتل کیس ، راؤ انوار کی گرفتاری کیلئے سپریم کورٹ کی ڈیڈ لائن ختم
January 30, 2018

اسلام آباد (92 نیوز) سپریم کورٹ کی جانب سے راؤ انوار کی گرفتاری کیلئے دی گئی 72 گھنٹے کی ڈیڈلائن ختم ہو گئی لیکن پولیس پیٹی بند بھائی کو گرفتار کرنا تو دور اس کی موجودگی کی جگہ کا تعین بھی نہیں کر سکی ۔
ان کاؤنٹر اسپیشلسٹ کی گرفتاری پولیس کیلئے درد سر بنی ہوئی ہے ۔
ایڈیشنل آئی جی ثناء اللہ عباسی کو راؤ انوار کی گرفتاری کا ٹاسک ملا تھا لیکن نقیب قتل کیس کے مرکزی ملزم کا قانون سے کِھلواڑ جاری ہے جسے شکنجے میں لانا پولیس کیلئے چیلنج بن گیا ۔
آئی جی سندھ نے گرفتاری میں مدد کیلئے صوبوں کو خط بھی لکھے ۔ وزیر اعلیٰ کی منظوری کے بعد گزشتہ روز راؤ انوار اور ایس ایس پی انویسٹی گیشن ملک الطاف کو معطل بھی کر دیا گیا ۔
راؤ انوار ہی نہیں بلکہ ایس ایچ او شاہ لطیف ٹاؤن امان اللہ مروت ، ایس ایچ او سائٹ انار خان اور ایس ایچ او سہراب گوٹھ شعیب شوٹر سمیت 15 ملزمان لاپتہ ہیں ۔
اب تک صرف 6 اہلکار ہی ہاتھ لگے سکے جو 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر سی ٹی ڈی کی تحویل میں ہیں ۔
دو عینی شاہدین نے عدالت کے روبرو بیانات ریکارڈ کرا دیئے جس میں راؤ انوار اور ٹیم کو قصور وار ٹھہرایا ہے ۔
نقیب محسود قتل پر ازخود نوٹس کی سماعت یکم فروری کو اسلام آباد میں ہوگی ۔ چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں تین رکنی بینچ سماعت کرے گا ۔