Thursday, April 18, 2024

نعمت اللہ خان کا کراچی کی ترقی میں اہم کردار ‏

نعمت اللہ خان کا کراچی کی ترقی میں اہم کردار ‏
February 25, 2020
کراچی ( 92 نیوز) سال2001 ء میں متعارف کرائے جانے والے ضلعی حکومتوں کے نظام کے بعد نعمت اللہ خان  شہر کے پہلے ناظم منتخب ہوئے ، انتھک محنت اور کوششوں کے بعد شہری حکومت کے بجٹ میں حیران کن حد تک اضافہ کیا اور اسے5 ارب سے43 ارب تک لے گئے ، 29ارب کا "تعمیر کراچی پروگرام" بھی آپ کی کاوشوں کا نتیجہ ہے ۔ کراچی کی خدمت میں پیش پیش  نعمت اللہ خان کو 2001 سے 2005 تک شہر قائد کے پہلے ناظم ہونے کا بھی اعزاز حاصل رہا  اور اس دوران پاکستان کے سب سے بڑے شہر کی حالت بدل کر رکھ دی تھی  ، شہر کیلئے خدمات کی وجہ سے ہی بابائے کراچی بھی کہا جاتا تھا ۔ مِنی پاکستان کہلانے والے شہر میں مسائل کے انبار تھے جنہیں نعمت اللہ خان نے چیلنج سمجھ کر قبول کیا ، انہوں نے اربوں روپے لاگت سے سڑکوں، فلائی اوورزم،انڈر پاسز اور پُلوں کے جال بچھائے  اور کراچی کو ایک مرتبہ پھر روشنیوں کا شہر بنایا ۔ کراچی سرکلر ریلوے کیلئے اورنگی، بلدیہ ٹاؤن، کورنگی اور ناتھ کراچی تک توسیع منصوبہ بھی نعمت اللہ خان نے ہی منظور کروایا تھا ، بیرون مُلک سے بسیں منگواکر اربن ٹرانسپورٹ اسکیم کا آغاز کیا  اور پہلی مرتبہ 500  بڑی بسیں شہر قائد میں دوڑتی نظر آئیں ۔ کراچی میں پانی کی کمی پوری کرنے کیلئے "کے تھری" منصوبہ شروع کروایا ، نعمت اللہ خان نے امراض قلب کا جدید اسپتال کے ساتھ نیوکراچی اور کورنگی میں ڈائلاسز سینٹر بھی تعمیر کروائے  ، شہر قائد میں 300 پارک اور 300 پلے گراؤنڈز تعمیر کروانے کا سہرا بھی سابق سٹی ناظم کے ہی سر جاتا ہے ۔ نعمت اللہ خان کراچی کی کچی آبادیوں کو شہر کے ماتھے کا جھومر کہتے تھے ، اسی لئے 1999ء میں بڑھائے جانے والے لیز کے نرخ منسوخ کرکے 1989ء کے نرخ بحال کیے  ، نعمت اللہ خان بہترین شہری خدمات کے نتیجے میں 2005 میں دنیا کے بہترین میئرز کی فہرست میں بھی شامل ہوئے ۔