Saturday, June 10, 2023

مودی سے ملاقات پر وزیراعظم پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیں : خورشید شاہ

مودی سے ملاقات پر وزیراعظم پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیں : خورشید شاہ
December 26, 2015
سکھر (92نیوز) خورشید شاہ نے کہا ہے کہ ہم نے اپنے دور میں پاک بھارت تعلقات کی بہتری کے لئے جدو جہد کی‘ خطے میں امن کی بہت ضرورت ہے۔ نریندر مودی کی ملاقات شیڈول کے مطابق ہوتی تو زیادہ اچھا ہوتا‘ وہ بھی کلنٹن کی طرح ہوائی دورہ کر کے واپس چلے گئے۔ تفصیلات کے سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ بھارت ایک حقیقت اور ملک ہے‘ بھارتی وزیراعظم کا دورہ خوش آئند تھا۔ مودی سرکار کے آنے کے بعد تعلقات میں کشیدگی پیدا ہوئی تھی لیکن اب دونوں ممالک کے وزرا خارجہ نے نیشنل ایشو پر بات کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی کے دورہ پاکستان پر نواز شریف کو پارلیمنٹ کو اعتماد میں لینا چاہئے۔ بھارت کے ساتھ کیا بات چیت ہو رہی ہے اس معاملے میں نواز شریف صاحب باقی سیاست دانوں کو نظرانداز نہ کریں۔ اپوزیشن کا اپنا کردار ہوتا ہے لیکن بحران کی حالت میں ملک کےلئے ہی سوچنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چاروں صوبے وفاق کی اکائیاں ہیں‘ سندھ کو اختیارات دیئے نہیں جا رہے بلکہ چھینے جا رہے ہیں‘ صوبائی حیثیت سے سندھ کو کچھ باتوں کا آئینی حق ہے‘ سندھ پر طاقت کی یلغار درست نہیں ہے۔ انہوں نے کہا نواز شریف کی خاموشی اس بات کی علامت ہے کہ وہ خود بھی سندھ کے اختیارات چھیننے کے حق میں لگتے ہیں۔ میاں صاحب کی عادت ہے کہ وہ اپنی باری میں بہت ساری باتیں بھول جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 90 دن کے لئے جس کو اندر رکھا جائے گا وہ ہاتھی بھی ہوگا تو خود کو بکری ہی کہے گا۔