نان فائلر اور فائلر سے متعلق ٹیکس قوانین میں ترمیم
اسلام آباد (92 نیوز) نان فائلر اور فائلر کے حوالے سے ٹیکس قوانین میں ترمیم کردی گئی۔
حکومت کو ملنے والا نیا اختیار، ٹیکس قوانین میں ترمیم کے تحت نان فائلر کو ڈھائی کروڑ اور فائلر کو 10 کروڑ کی ٹیکس چوری پر فوری گرفتار کیا جاسکے گا۔ دستاویز کے مطابق یہ اختیار وزیر خزانہ، ایف بی آر چئیرمین اور سینئرترین ممبر پر مشتمل کمیٹی کو حاصل ہوگا۔
دستاویز کے تحت گرفتاری کمیٹی کی تحریری اجازت کے تحت عمل میں لائی جائے گی۔ سیلز ٹیکس ایکٹ کے تحت گرفتاری کے بعد کی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ٹیکس چھپانے کی رپورٹ اور گرفتاری دونوں اسی ایکٹ کے تحت ہونگے۔ ٹیکس چھپانے کے الزام میں ثابت کرنا ہوگا کہ جرم جان بوجھ کرکیا گیا۔ کسی ٹیکس کا محض دستاویزی نہ کرنے پر گرفتاری نہیں ہوسکے گی۔ ٹیکس چوری سے متعلقہ قوانین کے تحت جاری شدہ نوٹس کے بعد گرفتاری کے لیے مزید اختیارات کی ضرورت نہیں ہوگی۔