Saturday, July 27, 2024

نامور شاعر احمد فراز کو مداحوں سے بچھڑے 11 برس بیت گئے

نامور شاعر احمد فراز کو مداحوں سے بچھڑے 11 برس بیت گئے
August 25, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) شہرہ آفاق غزلوں کے خالق اور نامور شاعر احمد فراز کو مداحوں سےبچھڑے 11 برس بیت گئے۔ اردو کے نامور شاعر سید احمد شاہ جنہیں دنیا احمد فراز کے نام سے جانتی  ہے 12 جنوری 1931ء کو کوہاٹ میں پیدا ہوئے۔ شاعری گویا انہیں ورثے میں ملی۔ فراز کے والد سید محمد شاہ کا شمار برصغیر کے ممتاز شعرا میں ہوتا ہے۔  فراز 1960ء کی دہائی میں زیر تعلیم ہی تھے جب ان کی شاعری کا پہلا مجموعہ ’’تنہا تنہا‘‘ شائع ہوا۔ اس کے بعد شہرت کی سیڑھی پر رکھا گیا قدم بڑھتا ہی گیا۔ احمد فراز کے مجموعہ ہائے کلام میں تنہا تنہا ، خواب گل پریشاں ہے، غزل بہانہ کرو، درد آشوب ، نایافت ،نابینا شہر میں آئینہ، بے آواز گلی کوچوں میں، پس انداز موسم، شب خون، بودلک ، یہ سب میری آوازیں ہیں، میرے خواب ریزہ ریزہ، اے عشق جفاپیشہ اور جاناں جاناں شامل ہیں۔ حکومت پاکستان نے ادبی خدمات کے اعتراف میں احمد فراز کو ''ستارہ امتیاز'' اور ''ہلال امتیاز'' جبکہ 2010ء میں بعد از مرگ '' ہلال پاکستان'' سے بھی نوازا۔ اردو ادب کا یہ روشن ستارہ  25 اگست 2008ء کو جہاں فانی  سے کوچ کر گیا۔ احمد فراز اسلام آباد میں آسودہ خاک ہوئے۔ لطیف انسانی جذبوں کے پُراثر اظہار کی بدولت احمد  فراز کی شاعری آج بھی تروتازہ محسوس ہوتی ہے۔