ناروے میں ناردرن لائٹس کا خوبصورت نظارہ، سمندر میں وہیلز کی اٹھکیلیاں
ناروے (ویب ڈیسک) ناروے میں ناردرن لائٹس نے سمندر کے پانی اور آسمان کو سبز رنگ میں تبدیل کر دیا۔ اس دوران ایک کیمرہ مین نے سمندر کے رنگ برنگے پانی میں اٹھکیلیاں کرنے والی وہیل مچھلیوں کی دلفریب ویڈیو بنا لی۔
ناروے میں ناردرن لائٹس کے نمودار ہونے پر سمندر اور آسمان پر مختلف رنگ بکھر جاتے ہیں۔ نارویجن ٹی وی کے ایک کیمرہ مین ہیرالڈ البرجسٹن نے اس دلکش منظر کے دوران وہیل مچھلیوں کے ایک گروہ کو سبزی مائل سمندر میں اچھل کود کرتے دیکھا جس کے بعد ہیرالڈ نے اس جگہ پر کیمرہ نصب کر دیا۔
تھوڑی دیر بعد وہیل مچھلیاں دوبارہ نمودار ہوئیں۔ ہیرالڈ نے اس منظر کو کیمرے میں محفوظ کر لیا۔ ناردرن لائٹس میں وہیلز کی سمندر میں اٹھکیلیاں کرنے کی ویڈیو غیرمعمولی واقعہ ہے۔ سمندر سے اٹھنے والی رنگ برنگی روشنیوں کا دلفریب منظر کیمرے میں محفوظ کرنا کئی لوگوں کا خواب ہے۔ ہیرالڈ اس پہلے ناردرن لائٹس میں قطبی ہرنوں کی ویڈیو بنا چکا ہے۔