Tuesday, April 30, 2024

نادرا نے ملک بھر میں شناختی کارڈز کی دوبارہ تصدیق کیلئے طریقہ کار طے کر لیا

نادرا نے ملک بھر میں شناختی کارڈز کی دوبارہ تصدیق کیلئے طریقہ کار طے کر لیا
May 30, 2016
اسلام آباد (92نیوز) قومی شناختی کارڈز کی دوبارہ تصدیق کے لئے وزیر داخلہ نے نادرا کی ابتدائی حکمت عملی کی منظوری دے دی۔ نئی پالیسی کے مطابق جعلی شناختی کارڈ رکھنے والوں کو دوماہ کی رعایت دی جائے گی۔ نادرا ہیلپ لائن سے تصدیق کے لئے بیک وقت 10ہزار کالیں جبکہ ایس ایم ایس گیٹ وے سے 3لاکھ میسجز سے تصدیق کا عمل مکمل ہوسکے گا۔ تفصیلات کے مطابق قومی شناختی کارڈز کی دوبارہ تصدیق کیلئے چیئرمین نادرا مبین یوسف نے وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ نادرا نے ساڑھے دس کروڑ شہریوں کے شناختی کارڈوں کی تصدیق کے لئے مختلف طریقہ کار اپنائے ہیں۔ شہریوں کی سہولت کے لئے نادرا ہیلپ لائن اور گیٹ وے ایس ایم ایس سروس شروع کی جائے گی۔ بریفنگ کے دوران وزیر داخلہ کو بتایا گیا کہ نادرا خاندان کے سربراہ کو اس کے فیملی ممبرز کی تصدیق کے لئے ایک مختصر پیغام بھیجے گا۔ کسی فیملی ممبر کی مشکوک انٹری کی صورت میں فیملی سربراہ ایس ایم ایس سروس کے ذریعے نو لکھ کر ریپلائی کرے گا۔ نادرا کی جانب سے فیملی سربراہ کو دوبارہ تصدیق نزدیکی نادرا سینٹر رابطہ کرنے کے لئے کہا جائے گا۔ چیئرمین نادرا نے وزیر داخلہ کو بتایا کہ نادرا ہیلپ لائن کے ذریعے روزانہ 10ہزار ٹیلی فون کالز کی جائیں گی جبکہ ایس ایم ایس گیٹ وے سروس سے 3لاکھ میسجز ہوسکیں گے۔ ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق جعلی شناختی کارڈ رکھنے والے غیر ملکیوں کو بھی دوماہ کی رعایت دی جائے گی جبکہ غیر ملکیوں کی جعلی رجسٹریشن کرنے والے نادرا ملازمین بھی اس رعایتی سکیم سے فائدہ حاصل کرسکیں گے۔ وزیر داخلہ نے غیر ملکیوں کے جعلی شناختی کارڈ کی نشاندہی کرنے والے شہریوں کے لئے ریوارڈ سکیم کا اعلان کرتے ہوئے نادرا کی ابتدائی رپورٹ منظور کرلی ہے جبکہ حتمی منظوری نادرا کے ایگزیکٹو بورڈ اجلاس کے بعد دی جائے گی۔ ترجمان وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ تصدیق کا عمل چھ ماہ پر محیط ہوگا جس کی میڈیا کے ذریعے تشہیر بھی کی جائے گی۔