Thursday, September 19, 2024

نادان لوگ سکیورٹی تھریٹ دے کر کہیں آنے جانے سے نہیں روک سکتے : چودھری نثار

نادان لوگ سکیورٹی تھریٹ دے کر کہیں آنے جانے سے نہیں روک سکتے : چودھری نثار
May 1, 2017
واہ کینٹ(92نیوز) وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان کا پی او ایف واہ کینٹ میں یوم مزدور کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ مجھے کہا گیا تھا کہ اس اجتماع میں سخت خطرات ہیں۔ تاہم میں نے جواب دیا کہ اگر سیکیورٹی ایجنسیاں اس محفوظ علاقے کو بھی محفوظ نہیں رکھ سکتی، تو پھر ان کی کارکردگی پر سوال اٹھائے جا سکتے ہیں۔ مجھے معلوم نہیں یہاں پر کیا کھچڑی پکتی رہی۔ نادان کیسے سمجھتے ہیں کہ سیکیورٹی تھریٹ دے کر ہمیں روک سکتے ہیں۔ چودھری نثار کا کہنا تھا کہ میں یہاں مزدوروں سے یکجہتی اور وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کی طرف سے مبارکباد پیش کرنے آیا ہوں۔ میں اس حلقے کا نمائندہ نہیں لیکن پی او ایف کے مزدوروں کیساتھ ایک رشتہ ہے۔ آج مزدوروں کا جوش اور محبت دیکھی ہے۔ مجھے کسی سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ یہاں کے مزدوروں پر جب بھی کوئی مشکل وقت آئے گا، میری آواز پی او ایف کے مزدوروں کیساتھ ہو گی۔ کوئی مزدور کش فیصلہ ہماری حکومت کے درمیان نہ لاگو  ہوا اور نہ ہی مسلط ہوگا۔ مشرف دور میں واپس لیا گیا الاؤنس واپس دلوائیں گے۔ پرویز مشرف نے 2000ء میں پی او ایف مزدوروں پر کالا قانون نافذ کیا۔ انہوں نے پی او ایف واہ فیکٹری کے مزدوروں کی تنخواہوں میں اضافے اور دیگر مراعات دینے کا بھی اعلان کیا۔ چودھری نثار علی خان کا کہنا تھا کہ ہر کوئی کان کھول کر سن لے، پاکستان آرڈیننس فیکٹری کی شان مزدوروں کے حوالے سے ہے۔ پی او ایف کے مزدور سول آرمڈ فورسز کیساتھ شانہ بشانہ لڑتے ہیں۔ انھیں مزدوروں کی محنت سے پاکستان کی فیکٹریاں چلتی ہیں۔ ان کی محنت سے گولہ اور بارود بنتا ہے، افواج وہی اسلحہ دشمنوں پر برساتے ہیں۔ خدا کے لیے ان مزدوروں کے پسینے کو پونچھو، جنہوں نے اس ادارے کو زندگی دی اس کا اعتراف کرو۔