Sunday, September 25, 2022

نابینا افراد کا پنجاب اسمبلی کے باہر احتجاج، پنجاب حکومت کیخلاف شدید نعرے بازی

نابینا افراد کا پنجاب اسمبلی کے باہر احتجاج، پنجاب حکومت کیخلاف شدید نعرے بازی
لاہور (92نیوز) لاہور میں مطالبات کی منظوری کیلئے تین روز سے سڑکوں پر موجود نابینا افراد نے پنجاب اسمبلی کے مین گیٹ پر ہلہ بول دیا۔ زندگی کے سہارے سفید چھڑی سے گیٹ کو پیٹا اور حکومت کیخلاف شدید نعرے بازی کی۔ تفصیلات کے مطابق تین روز سے مال روڈ پر احتجاج کرنیوالے بصارت سے محروم افراد کی کسی نے نہ سنی تو ان کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو گیا۔ چھڑیوں کے سہارے پنجاب اسمبلی کے مین گیٹ پر پہنچے، خاردار تاریں ہٹائیں، کچھ نہ چلی تو مین گیٹ کو پیٹنا شروع کر دیا۔ کچھ نے تو گیٹ پر چڑھ کر اسمبلی احاطے میں گھسنے کی کوشش بھی کی۔ مظاہرین نے اس موقع پر کہا کہ غربت سے مر رہے ہیں، حکومت سے کچھ زیادہ نہیں صرف اپنا حق مانگتے ہیں۔ حکومت تو خاموش ہے لیکن احتجاج کی وجہ سے ٹریفک میں پھنسے شہریوں کو شدید مشکلات لاحق ہیں جن کا کہنا ہے کہ روز روز کی جھنجھٹ سے تنگ آگئے ہیں۔ کسی نے کہا کہ نوکری سے دیر ہو رہی ہے تو کسی کو اپنے اہل خانہ سمیت کسی فنکشن پر پہنچنا ہے۔