نائنٹی ٹو نیوز کی ہر دلعزیز سحری ٹرانسمیشن بھرپور کامیابی کے ساتھ جاری
لاہور (92 نیوز) نائنٹی ٹو نیوز کی ہر دلعزیز سحری ٹرانسمیشن بھرپور کامیابی کے ساتھ جاری ہے۔
لوگوں کے بنیادی مسائل پر گفتگو نے پروگرام کو ہر خاص و عام میں مقبول بنا دیا ہے ۔ آج سحری ٹرانسمیشن کے دوران صلہ رحمی کی اہمیت و فضیلت پر سیر حاصل گفتگو کی گئی ۔
آج کے پروگرام میں صلہ رحمی کی اہمیت و فضیلت اور صدقہ فطر کے حوالے سے گفتگو کی گئی ۔
تلاوت قرآن مجید کی سعادت قاری حفیظ اللہ نیازی نے حاصل کی ۔
پروگرام کے آغاز میں میزبان نذیر غازی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسلام ایک ایسا معاشرہ چاہتا ہے جس میں کوئی بے کس و بے بس نہ نظر آئے ۔
مفتی محمد فاروق القادری نے صلہ رحمی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ ہر شب جمعہ میرے حضور لوگوں کے اعمال پیش ہوتے ہیں اللہ تعالیٰ ان اعمال کو قبول کرتا ہے سوائے اس شخص کے اعمال جو اپنے رشتہ دار کے ساتھ قطع تعلق کرتا ہے ۔
ڈاکٹر محمد یونس رضوی نے کہا کہ ہمیں پوری انسانیت کے ساتھ صلہ رحمی کا حکم دیا گیا ہے یہاں تک کہ کوئی غیر مسلم ہمسایہ ہے تو اس کے ساتھ بھی اچھا سلوک رکھنا چاہیے ۔ تمام لوگوں کے حقوق کا خیال رکھنا ہو گا جبکہ پروفیسر عین الحق بغدادی نے کہا کہ قطع تعلق کرنے والا کبھی جنت میں داخل نہیں ہو گا ۔ جنت کی خوشبو ایک ہزار سال کی مسافت سے آ رہی ہو گی لیکن صلہ رحمی نہ کرنے والا اس خوشبو سے بھی محروم رہے گا ۔
پروگرام میں معروف قوال شیر میاں داد خاں و ہمنواؤں نے بھی اپنی آواز کا جادو جگایا اور سننے والوں کو اپنے سحر میں جکڑے رکھا ۔