Saturday, July 27, 2024

نائنٹی ٹو نیوز کی ٹیم اور دیگر صحافیوں پر درج مقدمات کی خود تحقیقات کروں گا : راناثنا

نائنٹی ٹو نیوز کی ٹیم اور دیگر صحافیوں پر درج مقدمات کی خود تحقیقات کروں گا : راناثنا
May 5, 2016
لاہور (92نیوز) نائیٹی ٹو نیوز کی ٹیم پر پولیس کی جانب سے جھوٹے مقدمات قائم کرنے کے خلاف بالآخر پنجاب حکومت حرکت میں آ گئی۔ وزیر قانون رانا ثنا اللہ کا معاملے کی خود انکوائری کرنے کا اعلان۔ ترجمان پنجاب حکومت زعیم قادری کہتے ہیں کہ پنجاب حکومت آزادی صحافت پر مکمل یقین رکھتی ہے۔ انتقامی کارروائیاں برداشت نہیں کی جائیں گی۔ تفصیلات کے مطابق نائنٹی ٹو بنا مظلوموں کی آواز مگر اس جرم کی سزا کے طور پر اوکاڑہ پولیس نے نہ صرف چینل کی ٹیم پر بیجا اور جھوٹے مقدموں کے اندراج کی بھرمار کر دی بلکہ اوکاڑہ کے دیگر صحافی بھی حق کی آواز کا ساتھ دینے پر جھوٹے مقدمات کی زد میں آگئے۔ معاملہ اقتدار کے ایوانوں تک پہنچا ہے تو وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ خان نے ایک ہفتے میں اس کی انکوائری خود کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ترجمان پنجاب حکومت زعیم حسین قادری نے بھی ان مقدمات کی شدید مذمت کرتے ہوئے معاملہ اعلی سطح پر اٹھانے کا وعدہ کیاہے۔ سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال اور پارلیمانی سیکرٹری برائے انفارمیشن رانا ارشد نے جھوٹے مقدمات درج کرنے کی مذمت تو کی‘ ساتھ ہی حق اور سچ کی آواز اٹھانے پر نائنٹی ٹو نیوز کی ٹیم کو سراہا۔ نائیٹی ٹو نیوز کی ٹیم اور دیگر صحافیوں پر اوکاڑہ میں جھوٹے مقدمات پر صحافی تنظیمیں پہلے ہی سراپا احتجاج ہیں جبکہ جمعہ کے روز پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے دوران اور باہر احتجاج کا اعلان کیا گیا ہے۔