Thursday, January 20, 2022
براہراست ٹی وی براہراست نشریات(UK) آج کا اخبار English News
English News آج کا اخبار
براہراست ٹی وی براہراست نشریات(UK)

میکسیکو سٹی: آتش بازی کی مارکیٹ میں دھماکے، 29افراد ہلاک

میکسیکو سٹی: آتش بازی کی مارکیٹ میں دھماکے، 29افراد ہلاک
December 21, 2016

میکسیکو سٹی (ویب ڈیسک) میکسیکو میں آتش بازی کی مارکیٹ میں دھماکے کے بعد آگ لگ گئی۔ آتش بازی کے سامان میں آگ لگنے اور دھماکے سے انتیس افراد ہلاک جبکہ ستر سے زائد زخمی ہو گئے۔ ہلاک ہونے والوں میں بچے بھی شامل ہیں۔ امدادی کارروائیوں کے لیے فوج بلالی گئی۔

تفصیلات کے مطابق میکسیکو سٹی کے شمالی علاقے ٹلٹیک میں سین پیبلٹو مارکیٹ میں آتش بازی کا سامان دھماکوں سے پھٹ گیا۔ دھماکے اتنے شدید تھے کہ ان کی آواز کئی میل دور تک سنی گئی۔ دھماکوں کے بعد شہر پر دھوئیں کے بادل چھا گئے اور مارکیٹ میں درجنوں اسٹالز جل کر راکھ ہو گئے۔

دھماکوں سے قریبی گھروں کو بھی نقصان پہنچا۔ آگ سے جھلسنے والوں کو ایمبولینسوں کے ذریعے اسپتال منتقل کیا گیا۔ حادثے میں شدید جھلس جانے والے باپ بیٹے کو ہیلی کاپٹر میں اسپتال لے جانا پڑا۔ ہلاک ہونے والوں میں بچے بھی شامل ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ بعض افراد کا جسم نوے فیصد تک جھلس گیا۔ امدادی کارروائیوں کے لیے فوج کو طلب کیا گیا۔ انتظامیہ نے شہریوں کو ہدایت کی ہے وہ حادثے کی جگہ سے تین میل دور رہیں۔ آگے آنا ان کے لیے خطرناک ہوگا۔ دو ہزار پانچ اور دوہزار چھ میں بھی اسی مارکیٹ میں آگ لگنے کے واقعات ہو چکے ہیں جن میں درجنوں دکانیں راکھ کا ڈھیربن گئی تھیں۔