میکرو اکنامک مشاورتی گروپ کا اجلاس، ملکی معاشی و اقتصادی صورت حال پر غور

اسلام آباد (92 نیوز) وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت میکرو اکنامک مشاورتی گروپ کا اجلاس ہوا جس میں ملکی معاشی و اقتصادی صورت حال پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باوجود معاشی ترقی کی شرح کو بڑھانے اور پائیدار بنانے پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ پچھلی حکومتوں کے پیدا کردہ معاشی بحرانوں اور کرونا کی وجہ سے معاشی مشکلات کا بہترین معاشی پالیسیوں کے ساتھ مقابلہ کرنے پر عالمی سطح پر پاکستان کی پذیرائی ہوئی۔ بہتر حکمت عملی کی بدولت معاشی ترقی کی شرح تین اعشاریہ نو فیصد رہی۔
وزیرِ اعظم نے معاشی مشاورتی گروپ کے اراکین کی تجاویز کا خیر مقدم کیا اور معاشی ریلیف کو عوام تک جلد پہنچانے کے اقدامات اٹھانے کی ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے کہا پاکستان کے معاشی اعشاریئے اور زرِ مبادلہ کے ذخائر مستحکم ہیں۔ حکومت نے نہ صرف گزشتہ حکومت کے وراثت میں چھوڑے ہوئے معاشی بحرانوں بلکہ کرونا وباء سے پیدا ہونے والی معاشی مشکلات کا بہترین طریقے سے مقابلہ کیا۔ اب معیشت پائیدار ترقی کی طرف گامزن ہے۔ بڑے پیمانے کی صنعت کی پیداوار، ویلیو ایڈیشن، ریونیو اور برآمدات میں اضافہ واضح کرتا ہے کہ حکومتی معاشی پالیسیاں صحیح سمت میں جا رہی ہیں۔ رواں مالی سال کے اختتام پر معاشی ترقی گذشتہ مالی سال سے بھی ذیادہ ہونے کی امید ہے۔