Friday, January 27, 2023

میڈیا کو عمران خان کی شادی کی فکر ہے میری نہیں : مولانا فضل الرحمان

میڈیا کو عمران خان کی شادی کی فکر ہے میری نہیں : مولانا فضل الرحمان

 لاہور(92نیوز)جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ میڈیا کو عمران خان کی شادی کی فکر ہے میری نہیں کہنے لگے عمران خان کا کوئی سیاسی ماضی تھا نہ ہی مستقبل ہے۔

تفصیلات کےمطابق لاہور میں سربراہ جے یو آئی ف مولانا فضل الرحمان نے جہانگیر بدر کے اہل خانہ سے تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کی۔ عمران خان کے حوالے سے سوال کے جواب میں مولانا فضل الرحمن کی حس مزاح جاگ گئی۔ انہوں نے ماحول کو کشت زعفران بناتے ہوئے کہا کہ میڈیا کو صرف عمران خان کی شادی کی فکر ہے ان کی شادی کی کوئی فکر نہیں عمران خان کو کوریج دے کر میڈیا وقت ضائع کر رہا ہے ان کا سیاسی ماضی ہے نہ ہی مستقبل ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ وہ خیبر پختونخوا حکومت کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک نہیں لا رہے سی پیک کے حوالے سے کوئی تنازع نہیں یہ منصوبہ پورے صوبے کے لیے فائدہ مند ہوگا۔ بلاول بھٹو کے حوالے سے مولانا فضل الرحمان نے چٹکلا چھوڑا کہ وہ بلاول کے انکل ہیں اور بلاول ان کا برخوردار ہے۔

سربراہ جے یو آئی نے جنرل راحیل شریف کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ نئے آرمی چیف کی تقرری وزیراعظم کی صوابدید پر ہو گی لیکن اس حوالے سے ان سے کوئی مشاورت نہیں کی گئی۔