Friday, September 20, 2024

میڈیا لاجک کی کمپنی کو بند کر کے معاملہ نیب کو بھیجیں گے، چیف جسٹس

میڈیا لاجک کی کمپنی کو بند کر کے معاملہ نیب کو بھیجیں گے، چیف جسٹس
August 16, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) چیف جسٹس نے میڈیا لاجک کے سی ای او سلمان دانش پر توہین عدالت کیس میں کہا کہ میڈیا لاجک نے کس قانون کے تحت ریٹنگ دینا شروع کی ، میڈیا لاجک کو بند کر کے معاملہ نیب کو بھیجیں گے۔ چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے میڈیا لاجک کے سی ای او سلمان دانش پر توہین عدالت کیس کی سماعت کی۔ میڈیا لاجک کے سی ای او سلمان دانش نے غیر مشروط معافی مانگتے ہوئے کہا توہین عدالت کا ارادہ نہیں تھا جس پر چیف جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا منصوبے کے تحت حکم عدولی کی گئی ، سلمان دانش نے عدالتی احکامات کی توہین کی۔ چیف جسٹس نے کہا کہ عدالتی احکامات کی تعمیل نہ ہونا توہین عدالت ہے ، کسی کو کھلی چھٹی نہیں دے سکتے کہ عدالتی احکامات کی عدم تعمیل کریں ، معافی مانگنے کا مطلب ہے توہین عدالت تسلیم کر لی گئی ۔ عدالت غیر مشروط معافی کو قبول نہیں کرے گی۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ تمام براڈ کاسٹرز آپس میں ملے ہوئے ہیں ، پی بی اے کا کوئی کارٹل نہیں بننے دیں گے۔ جسٹس اعجاز الحسن نے ریمارکس دیئے ریٹنگ کا کام ریگولیٹر کو کرنا چاہئے ۔ وکیل بول ٹی وی  نے کہا پیمرا کو ریٹنگ کا کام ملنا چاہیے۔ سپریم کورٹ نے پیمرا سے مسئلے کے حل کے لیے تجاویز طلب کرتے ہوئے اٹارنی جنرل کو سلمان دانش کے خلاف چارج شیٹ تیار کرنے کی ہدایت کر دی۔ اس کے بعد عدالت نے کیس کی سماعت 5 ستمبر تک ملتوی کر دی۔