Friday, December 3, 2021
English News آج کا اخبار براہراست نشریات(UK) براہراست ٹی وی
English News آج کا اخبار
براہراست نشریات(UK) براہراست ٹی وی

میٹرو ٹرین پر ضائع ہونیوالے پیسے شہبازشریف سے وصول کیے جائیں: پرویزالٰہی

میٹرو ٹرین پر ضائع ہونیوالے پیسے شہبازشریف سے وصول کیے جائیں: پرویزالٰہی
August 21, 2016
لاہور (92نیوز) مسلم لیگ قاف کے رہنما چودھری پرویزالٰہی نے اورنج لائن منصوبے پر ہائیکورٹ کے فیصلے کو قابل تحسین قرار دے دیا۔ کہتے ہیں کہ پنجاب حکومت میٹرو ٹرین کے لیے تاریخی ورثے کو مٹانے کے درپے ہے۔ قومی خزانے کے اربوں روپے ضائع کر دیے گئے۔ اب یہ نقصان شہباز شریف سے وصول کیا جائے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے تاریخی عمارتوں کے قریب اورنج لائن منصوبے کا تعمیراتی کام روکنے کا فیصلہ آنے کے بعد پرویزالٰہی نے پنجاب حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا۔ انہوں نے کہا کہ اورنج لائن منصوبہ بغیر کسی منصوبہ بندی کے شروع کیا گیا۔ آدھا کام مکمل ہونے پر کئی تاریخی عمارتیں تباہی کے دہانے پر پہنچ چکی ہیں۔ اس نقصان کا کون ذمہ دار ہے۔ سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے صوبے میں اغوا کی بڑھتی ہوئی وارداتوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا معصوم بچوں کے اغوا کے معاملے پر سپریم کورٹ نے نوٹس لیا لیکن حکومت کو ہوش نہ آیا۔ پرویزالٰہی نے کہا کہ ان کے دور میں بچوں کے تحفظ کے لیے پانچ ادارے بنائے گئے لیکن موجودہ حکومت کی عدم توجہ کے باعث وہ برباد ہو گئے۔ چودھری پرویزالٰہی کا کہنا تھا کہ اگر ان کے دور کی فزیبیلٹی رپورٹ پر عمل کرتے ہوئے اورنج لائن اور میٹرو کا منصوبہ بنایا جاتا تو تاریخی عمارتوں کو نقصان پہنچتا نہ ہی شہریوں کی املاک تباہ ہوتیں۔