میو ہسپتال کے بچہ وارڈ کی دونوں لفٹس 4ماہ سے بند، مریض اور لواحقین خوار

لاہور (92نیوز) میو ہسپتال کے بچہ وارڈ کی دونوں لفٹس چار ماہ سے بند ہونے کی وجہ سے مریضوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے جبکہ انتظامیہ کے سر پر جوں نہیں رینگ رہی۔ 92نیوز نے مسئلے کی نشاندہی کی تو الٹا چور کوتوال کو ڈانٹے کے مترادف ہسپتال انتظامیہ 92نیوز کی ٹیم پر ہی برس پڑی اور کوریج سے روک دیا۔
تفصیلات کے مطابق میو ہسپتال بچہ وارڈ کی پانچ منزلہ عمارت کی دونوں لفٹس خراب ہونے کے باعث گزشتہ چار ماہ سے بند پڑی ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ مریض بچوں کو چوتھی اور پانچویں منزل تک سیڑھیوں سے لے کر جانا عذاب ہوچکا ہے، سانس کے مریض اور بزرگ تو ہمت ہی نہیں کرپاتے۔
پریشان حال مریضوں کی داد رسی کیلئے 92نیوز کی ٹیم ہسپتال پہنچی تو اے ایم ایس عمر جاوید نے ناصرف سختی سے کوریج سے روک دیا بلکہ بدتمیزی بھی کی۔
سرکاری ہسپتالوں کی حالت زار سے کون واقف نہیں مگر یہاں تو آوے کا آوا ہی بگڑا ہے۔ مسائل حل کر کے بہتر ی لانے کی بجائے ہر کوئی اپنی نااہلی پر پردہ ڈالنے میں مصروف ہے۔