مظفر آباد ( 92 نیوز) میر پور آزاد کشمیر میں آنے والےزلزلے میں اموات کی تعداد 39ہوگئی ، پاک فوج کے دستے اور انتظامی ادارے ریلیف کے ساتھ بحالی کے کاموں میں مصروف ہیں ،آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نےزلزلہ سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا، حالات معمول پرلانےکیلئےسول انتظامیہ کی بھرپورمدد کرنے کی ہدایت کی ۔
میر پور آزاد کشمیر میں آنے والےہولناک زلزلے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 39ہوگئی،ساڑھے چھ سو کے قریب زخمی ہوئے،پاک فوج کے دستے اور انتظامی ادارے ریلیف کے ساتھ بحالی کے کاموں میں مصروف ہیں۔
ترجمان این ڈی ایم اے ادریس محسود کے مطابق میرپورمیں33،بھمبرمیں 5اورپنجاب کے شہرجہلم میں ایک شخص لقمہ اجل بنا ،زلزلے میں جاں بحق ہونے والوں میں پاک فوج کا ایک جوان بھی شامل ہے۔
زلزلے کے باعث 135گھر مکمل تباہ ہوگئے ، 319کو جزوی نقصان پہنچا ،بھمبرمیں منڈا پل مکمل طور پر تباہ ہوا ، میرپور اور بھمبر کے درمیان رابطہ پل بھی تباہ ہو چکا ہے ۔جاتلاں کی مرکزی شاہراہ شدید متاثر ہوئی۔ دراڑیں پڑنے پر میر پور ضلع میں 50فیصد گھروں کو ناقابل استعمال قرار دے دیا گیا ۔
زلزلہ متاثرین کےلیے ادویات اور سرجیکل سامان میرپورروانہ کردیا گیا ، معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفرمرزا کا کہنا ہے کہ دکھ کی گھڑی میں آزاد کشمیر کے لوگوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔
آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے زلزلہ سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا،آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے جاتلاں شاہراہ کو پہنچنے والے نقصان اورمرمت کے کام کافضائی جائزہ لیا۔ حالات معمول پرلانےکیلئےسول انتظامیہ کی بھرپورمدد کرنے کی ہدایت کی ۔
اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کا وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدرسے ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں زلزلے سے ہونے والےجانی نقصانات پر رنج و غم کااظہار ،ریسکیو اور ریلیف آپریشن بارے آگاہی حاصل کی۔