Saturday, July 27, 2024

میرے خلاف کیس میں کچھ نہ ہونے کے باوجود کچھ نکالا جا رہا ہے، نواز شریف

میرے خلاف کیس میں کچھ نہ ہونے کے باوجود کچھ نکالا جا رہا ہے، نواز شریف
March 20, 2018

 اسلام آباد (92 نیوز) سابق وزیر اعظم نواز شریف نے تنقید اور گلے شکوے نہ چھوڑے ۔ انہوں نے کہا کہ ان کے کیس میں کچھ نہ ہونے کے باوجود بھی کچھ نکالا جا رہا ہے، جبکہ رینٹل پاور، کوٹیکنا، این آئی سی ایل جیسے کیسز میں کرپشن ثابت ہونے کے باوجود نتیجہ نہیں نکلا ۔

 احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے جواب طلب لہجے میں کہا کہ ان کے خلاف پرانے ریفرنس میں کچھ نہیں نکلا تو نئے ریفرنس کیوں دائر کئے؟ رینٹل پاور، کوٹیکنا، این آئی سی ایل جیسے کیسز میں تو کرپشن ثابت ہوچکی ہے ۔

 نوازشریف نے مسکراتے ہوئے دلیپ کمار کی فلم کا حوالہ بھی دیا اور کہا کہ ان کے خلاف کیسز کا حال دلیپ کی فلم جیسا ہے، جس میں اس کی بیوی کو جب پیار نہ ملا تو دلیپ کمار کے بیڈ روم کو ہی آگ لگا دی ۔ ان کا کیس تو ایسا ہے، ’’تو کون میں خواہ مخواہ ‘‘

 جسٹس دوست محمد کھوسہ کی ریٹائرمنٹ سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ انہیں اس بارے میں علم نہیں ۔

 عامر لیاقت کی پی ٹی آئی میں شمولیت کے سوال پر نوازشریف نے مسکرا کر کہا کہ الحمدللہ وہ ن لیگ میں نہیں شامل ہوئے، پی ٹی آئی بنی ہی عامر لیاقت جیسے لوگوں کے لئے ہے ۔

 وزیراعلیٰ پنجاب نے آرمی چیف سے ملاقات کے حوالے سے کہا کہ انہیں اس بارے میں معلوم نہیں، تاہم چودھری تنویرنے لقمہ دیتے ہوئے کہا کہ اس کی تردید آ گئی ہے ۔