Sunday, September 25, 2022

مکس اچار پارٹی میں واضح دراڑ پڑ چکی، فیاض الحسن چوہان

مکس اچار پارٹی میں واضح دراڑ پڑ چکی، فیاض الحسن چوہان
 لاہور (92 نیوز) فیاض الحسن چوہان نے کہا مکس اچار پارٹی میں واضح دراڑ پڑ چکی،نوازشریف کی تقریر نہ ہونا بارش کا پہلا قطرہ ہے۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا مزار قائد کی بے حرمتی 22 کروڑ پاکستانیوں کی بے حرمتی ہے۔ بیگم صفدر اعوان کو بھی گرفتار کیا جانا چاہئے۔ بیگم صفدر اعوان نے عدالتوں اور عوام سے ذلت و رسوائی ملنے کے بعد اپنا، اپنے والد اور خاندان کا نام ووٹ رکھ لیا ہے۔ آج کل وہ ہر جگہ اس ذلت کا ازالہ کرنے کے لیے ووٹ کو عزت دو کی منتیں، ترلے اور غزلیں پڑھ رہی ہیں۔ اپنے آپ کو عزت دینے کا واویلا کرنے والی مزار قائد کی بے توقیری کو باعث اطمینان جان رہی ہے۔ بیگم صفدر اعوان کو مزار قائد پر عاجزی سے پاکستان کو لوٹنے اور بھارتی اسٹیبلشمنٹ کے نظریات پروان چڑھانے پر معافی مانگنی چاہئے تھی۔ لیکن یہاں بھی انہوں نے اپنے پاگل، سرپھرے، عقل سے عاری اور دو ہزار ریال کے ملازم خاوند کے ذریعے بدتہذیبی کا ماحول گرم کیا۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا پوری قوم منتظر تھی کہ شاید تقریر سے پہلے بیگم صفدر اعوان اپنے اس قبیح فعل پر شرمندہ ہو کر معافی مانگیں گی لیکن حادثے سے بڑا حادثہ یہ ہوا لوگ ٹھہرے نہیں۔ حادثہ دیکھ کر مصداق بیگم صفدر اعوان کو رتی برابر ندامت نہیں ہوئی۔ مزار قائد پر کیپٹن ریٹائرڈ صفدر اعوان کی ہلڑ بازی کے پیچھے بیگم صفدر اعوان کی پلاننگ اور ذہن کام کر رہا تھا۔ کئی ہفتے سے پیشن گوئی کر رہا ہوں، میم لیگ کا کھل کر کھیلنا نون اور شین لیگ کا ستیاناس کر دے گا۔ عوام دیکھ رہے ہیں، ہر آنے والے دن کے ساتھ میم لیگ آل شریف اور ن لیگ کے لیے مزید رسوائی لے کر آ رہی ہے۔ ن لیگ وہ سیاسی ڈنر سیٹ ہے جس کی پلیٹیں لندن میں، چمچے پاکستان میں ہیں۔