Thursday, October 6, 2022

مولوی ہیبت اللہ طالبان امیر‘ سراج حقانی اور ملا یعقوب نائب امیر مقرر

مولوی ہیبت اللہ طالبان امیر‘ سراج حقانی اور ملا یعقوب نائب امیر مقرر
کابل (ویب ڈیسک) افغانستان میں طالبان نے بھی ملا اختر منصور کی موت کی تصدیق کر دی اور مولوی ہیبت اللہ اخونزادہ کو نیا امیر مقرر کر لیا۔ سراج الدین حقانی اور ملا یعقوب ان کے نائب ہوں گے۔ تفصیلات کے مطابق افغانستان میں طالبان تحریک نے ایک باضابطہ بیان میں اپنے امیر ملا اختر منصور کی امریکی ڈرون حملے میں ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے مولوی ہیبت اللہ اخونزادہ کو نیا امیر مقرر کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ تحریک طالبان کی رہبری شوریٰ کی جانب سے میڈیا کو جاری ایک بیان میں طالبان کا کہنا ہے کہ ملا اختر منصور کی موت جنوبی افغانستان کے صوبہ قندھار کے ریگستان اور پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے نوشکی کے سرحدی علاقے میں ہوئی۔ مولوی ہیبت اللہ ملا اختر منصور کے نائب تھے اور شوریٰ نے بظاہر حقانی نیٹ ورک کے سراج الحق کی جگہ ہیبت اللہ کو ترجیح دی ہے۔ شوریٰ نے ملا عمر کے صاحبزادے مولوی یعقوب کو ہیبت اللہ کی جگہ نائب امیر مقرر کیا ہے۔ امریکی صدر براک اوباما افغان طالبان کے سربراہ ملا اختر منصور کی ہلاکت کو افغانستان میں قیام امن کی دیرینہ کوششوں کے سلسلے میں اہم سنگ میل قرار دے چکے ہیں۔