اسلام آباد: (92 نیوز) مولانا فضل الرحمان کا گھر سیاسی بیٹھک بن گیا، پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف کے وفود کی مولانا فضل الرحمان سے ملاقات۔
وفاقی وزیرداخلہ بھی مولانا فضل الرحمان کے گھر پہنچے، محسن نقوی نے مولانا کا حال احوال پوچھا اور سیاسی گپ شپ بھی کی، محسن نقوی کا کہنا ہے کہ پارلیمان کی بالادستی اور جمہوری اقدار کے فروغ کیلئے مولانا فضل الرحمان کا کردار قابل تحسین ہے۔
جے یو آئی ف کے مولانا فضل الرحمان پھر پاکستانی سیاست کا مرکز بن گئے۔ پیپلزپارٹی، تحریک انصاف کے وفود کے بعد وزیر داخلہ محسن نقوی بھی مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پہنچ گئے۔
یہ بھی پڑھیں: میانوالی کے بعد فیصل آباد ، بہاولپور میں بھی دفعہ 144 کا نفاذ
وزیرداخلہ محسن نقوی نے جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ
مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی۔ جس میں موجودہ سیاسی
صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ پارلیمان
کی بالادستی اور جمہوری اقدار کے فروغ کیلئے مولانا فضل الرحمان کا کردار قابل تحسین ہے۔ وہ زیرک، مدبر،اور دور اندیش سیاسی رہنما ہیں۔
محسن نقوی مزید بولے کہ مولانا فضل الرحمان کی قیادت میں جے یو آئی نے اصولوں پر مبنی سیاست کی ہے۔ مولانا فضل الرحمان سینئر ترین سیاستدان ہیں اور پاکستان کی سیاست میں ان کا بلند مقام ہے۔
اس موقع پر محسن نقوی نے جے یو آئی کا بلامقابلہ امیر منتخب ہونے پر مولانا فضل الرحمان اور بلامقابلہ سیکرٹری جنرل منتخب ہونے پر مولانا عبدالغفور حیدری کو مبارک باد دی اور گلدستے پیش کئے۔