موسیقی کی کوئی سرحد نہیں ہوتی !!! عام آدمی پارٹی نے غلام علی کو نئی دہلی میں پروگرام کرنے کی پیشکش کر دی
نئی دہلی (ویب ڈیسک) پاکستان کے مایہ ناز غزل گلوکار غلام علی کا ممبئی اور پونے میں کنسرٹ شیو سینا کی دھکیوں کی وجہ سے منسوخ کر دیا گیا تاہم عام آدمی پارٹی کی حکومت نے انہیں دہلی میں کنسرٹ کی دعوت دے دی۔ کانگریس نے بھی شیوسینا کی مذمت کرتے ہوئے اسے بھارتی طالبان قرار دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کے مایہ ناز غزل گائیک غلام علی نے بھارتی گلوکار جگجیت سنگھ کی برسی پر ممبئی اور پونے میں دو کنسرٹ کرنا تھے۔ بھارتی انتہا پسند تنظیم شیو سینا نے کنسرٹ کے منتظمین کو دھمکیاں دیں جس پر غلام علی کا شیڈول منسوخ کر دیا گیا۔
کنسرٹ کے آرگنائزر رندھیر رنجن رائے نے بتایا کہ کنسرٹ میں غلام علی پرفارم نہیں کریں گے‘ باقی سب کچھ پروگرام کے مطابق ہو گا۔ شیو سینا نے غلام علی کو ممبئی اور پونے کے کنسرٹ تو روک دیا لیکن اب دہلی کی حکمران عام آدمی پارٹی نے غلام علی کو دعوت دی ہے کہ وہ دہلی آ کر اپنی آواز کا جادو جگائیں۔
عام آدمی پارٹی کے وزیر سیاحت کپل مشرا نے کہا کہ موسیقی کی کوئی سرحد نہیں ہوتی۔ غلام علی کو ممبئی میں پرفارم کرنے سے روکنا افسوسناک ہے۔ شیو سینا کی مذمت میں کانگریس بھی پیچھے نہ رہی۔
کانگریس کے جنرل سیکرٹری ڈگ وجے سنگھ نے کہا کہ اگر غلام علی ماضی میں ورانسی کے مندر میں گا سکتے ہیں تو اب ممبئی میں کیوں نہیں۔ شیو سینا بھارت کی طالبان بننا چاہتی ہے۔