موسم سرما کا آغاز ہوتے ہی ملک بھر میں مچھلی کی مانگ میں اضافہ ہو گیا

کوئٹہ (92نیوز) موسم سرما کا آغاز ہوتے ہی مچھلی کی مانگ میں اضافہ ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق سردی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی ملک بھر کی طرح کوئٹہ میں بھی مچھلی کی خرید و فروخت میں اضافہ ہو گیا ہے۔ بلوچستان اور سندھ کے مختلف علاقوں سے بڑی تعداد میں مچھلی فروخت کیلئے یہاں لائی جاتی ہے جس میں سائمن‘ ساگو‘ دریائی مچھلی اور پمفلٹ نمایاں ہے۔
مچھلی لوگ بڑے شوق سے خریدتے اور کھاتے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ سردیوں میں مچھلی کی مانگ میں اضافہ ہوتا ہے لیکن مہنگی ہونے کی وجہ سے ہمیں پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ دوسری جانب دکانداروں کا وہی پرانا رونا کہ ہمیں ٹرانسپورٹیشن اور دیگر اخراجات کی وجہ سے مچھلی مہنگی ملتی ہے جس کی وجہ سے مہنگا فروخت کرنے پر مجبور ہیں۔
شہریوں کا حکومت سے مطالبہ ہے کہ مچھلی کی قیمتوں میں خود ساختہ اضافے کا نوٹس لے تاکہ غریب اور متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے لوگ بھی مچھلی جیسی نعمت سے لطف اندوز ہو سکیں۔