Tuesday, September 27, 2022

مودی اور نوازشریف میں غیررسمی ملاقاتیں خفیہ معاہدے کا حصہ ہیں : بھارتی صحافی

مودی اور نوازشریف میں غیررسمی ملاقاتیں خفیہ معاہدے کا حصہ ہیں : بھارتی صحافی
ممبئی (ویب ڈیسک) بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی اور ان کے پاکستانی ہم منصب نے کٹھمنڈو میں خفیہ ملاقات کی تھی۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور پاکستانی وزیراعظم نوازشریف کی خفیہ ملاقات کا انکشاف بھارتی برکھا دت نے کیا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ نواز شریف اور نریندر مودی نے سارک کانفرنس میں صرف ہاتھ ملایا لیکن سائیڈ لائن پر خفیہ ملاقات بھی کی تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ دونوں رہنماﺅں کے درمیان خفیہ پیغام رساں بھارت کے اسٹیل میگنٹ سجن جندال تھے۔ ملاقات میں دونوں رہنماﺅں نے پاکستان اور بھارت کے مسائل پر ہونیوالی بات چیت میں حائل رکاوٹوں پر گفتگو کی۔ اس موقع پر دونوں رہنماﺅں نے باہمی تعلقات کے فروغ کیلئے اتفاق کیا۔ بھارتی صحافی کے مطابق دہلی میں پہلی ملاقات کے دوران دونوں رہنماﺅں نے دو طرفہ تعلقات کی لگامیں اپنے ہاتھ رکھنے کا فیصلہ کیا۔ دہلی میں دونوں رہنماﺅں نے فیصلہ کیا تھا کہ بین الاقوامی کانفرنسوں میں جہاں مناسب ہوا غیررسمی ملاقات ہو گی۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ بھارتی اسٹیل میگنٹ سجن جندال نے نئی دہلی میں نواز شریف کے لئے ٹی پارٹی کا بھی اہتمام کیا تھا۔ سجن جندال نئی دہلی میں حسین نواز کی میزبانی بھی کرتے رہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی اسٹیل انڈسٹری افغانستان سے لوہے کے کباڑ کے لئے پاکستان کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتی ہے۔