Saturday, July 27, 2024

موجودہ حکمرانوں میں ملک چلانے کی صلاحیت نہیں : بلاول بھٹو زرداری

موجودہ حکمرانوں میں ملک چلانے کی صلاحیت نہیں : بلاول بھٹو زرداری
April 4, 2017
گڑھی خدابخش (92نیوز)موجودہ حکمرانوں میں ملک چلانے کی صلاحیت نہیں یہ عوام کی بہتری کے لئے کچھ نہیں کرتے۔ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کہتے ہیں  کہ حکمران صرف اپنی دولت بنانے میں لگے ہیں انہیں صرف پاناما کی فکر ہے ،وزیراعظم اپنے آپ کو تو دھوکہ دے سکتے ہیں لیکن عوام کو نہیں ۔پیپلزپارٹی ایسا نہیں ہونے دے گی۔عوام شہباز شریف کو نکال ہی دم لیں گے۔ تفصیلات کےمطابق ذوالفقار علی بھٹو کی اڑتیس ویں برسی  کےموقع پر ،پیپلزپارٹی نے میدان سجایا گڑھی خدا بخش میں اور رہنماؤں نے سیاسی مخالفین پر دل کی بھڑاس بھی خوب نکالی۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے انتہائی پرجوش خطاب میں وزیراعظم اور اُن کی حکومت کو نشانے پر رکھا اور کہہ دیا کہ ان میں ملک چلانے کی صلاحیت ہی نہیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے دو سال بعد ملٹری کورٹس کی ضرورت کیوں پڑی اس کی وجہ بھی بتا دی۔ وزیراعظم نوازشریف کے سندھ کے دوروں پر بھی بلاول بھٹو نے تنقید کی اور کہا  کہ عوام کو جھوٹے وعدوں کی ضرورت نہیں۔ بلاول بھٹو وزیراعظم کو تنقید کا نشانہ بنائیں اور خادم اعلیٰ کو نہ بنائیں ایسا نہیں ہو سکتا ۔ شہباز شریف کو ترچھی ٹوپی والا بھی کہا اور اُن کے جانے کی بات بھی کی ۔ ترقی ترقی اور ترقی، بلاول بھٹو نے کہا کہ میاں صاحب بتائیں ترقی کہاں ہو رہی ہے،دودھ اور شہد کی نہریں کہاں بہہ رہی ہیں۔ بلاول بھٹو نے جہاں اگلے برس الیکشن کی تیاری کا بتایا وہیں کہا کہ چار اپریل پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے کیونکہ اس دن جمہوریت کے بانی کو شہید کیا گیا نہ بھٹو کو انصاف ملا اور نہ اُن کے ورثا کو مل سکا ہے۔