Wednesday, December 1, 2021
English News آج کا اخبار براہراست نشریات(UK) براہراست ٹی وی
English News آج کا اخبار
براہراست نشریات(UK) براہراست ٹی وی

موبائل فونز کی سمگلنگ میں مدد کرنیوالے نجی ایئرلائن کے عملے کے 2افراد گرفتار

موبائل فونز کی سمگلنگ میں مدد کرنیوالے نجی ایئرلائن کے عملے کے 2افراد گرفتار
August 6, 2016
لاہور(92نیوز)آب زم زم کی بوتلوں میں ایک سو ستر موبائل فونز چھپا کر چین سے پاکستان سمگل کرنے میں مدد دینے والےپکڑے گئے۔ لاہور ایئرپورٹ  عملے کے دو افراد نے موبائل فونز کی سمگلنگ کی درجن بھر وارداتوں میں ملوث ہونے کا اعتراف بھی کر لیا۔ تفصیلات کےمطابق گزشتہ روز شاہین ایئرلائن کی پرواز این ایل ایٹ نائن ون کے ذریعے نوید بھٹی نامی ایک مسافر چین کے شہر گوانگ ژو سے لاہور ایئرپورٹ پہنچا اور سامان کی تلاشی کے لیے اپنی قطار میں کھڑا ہونے کے بجائے حجاز مقدس سے وطن واپس لوٹنے والے مسافروں کی قطار میں کھڑا ہوگیا۔ شبہ پڑنے پر کسٹم حکام نے مسافر نوید بھٹی کے سامان کی تلاشی لی تو اس کے قبضے سے آب زم زم کی دو بڑی بوتلیں برآمد ہوئیں جن میں ایک سو ستر انتہائی مہنگے موبائل فون سیٹ چھپائے گئے تھے۔ کسٹم حکام نے مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کیا تو لاہور ایئرپورٹ پر تعینات شاہین ایئرپورٹ سروسز کے عملے کے دو ارکان بھی گرفتار ہو گئے۔ شاہین ایئرپورٹ سروسز کے دونوں ملازمین عامر اور وقار نے موبائل فون سمگلر نوید بھٹی کے ساتھی ہونے کا اعتراف کر لیا۔ ملزمان نے انکشاف کیا کہ وہ اس سے پہلے بھی موبائل فون سمگلنگ کی وارداتوں میں ملوث رہے ہیں۔اسمگلر اور اس کے ساتھیوں سے مزید تفتیش جاری ہے۔