Tuesday, September 17, 2024

منیٰ کے شہدا کی تعداد ساڑھے تیرہ سو، پینتالیس پاکستانی شہید ہوئے: وزیر مذہبی امور سردار یوسف کا نائنٹی ٹو نیوز کو انٹرویو

منیٰ کے شہدا کی تعداد ساڑھے تیرہ سو، پینتالیس پاکستانی شہید ہوئے: وزیر مذہبی امور سردار یوسف کا نائنٹی ٹو نیوز کو انٹرویو
September 30, 2015
لاہور (نائنٹی ٹو نیوز) وفاقی وزیر سردار یوسف نے انکشاف کیا کہ منیٰ کے شہدا کی تعداد ساڑھے تیرہ سو ہو چکی ہے۔ سانحہ منیٰ کے بعد وزیر مذہبی امور سردار یوسف کا پہلی بار ویڈیو انٹرویو نائنٹی ٹو نیوز نے کیا۔ مکہ مکرمہ میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سردار یوسف نے کہا کہ سانحہ منیٰ میں پینتالیس پاکستانی شہید ہوئے جن میں سے سولہ کو مکہ میں ہی سپردخاک کر دیا گیا۔ انہوں نے سانحے میں شہدا کی کل تعداد ساڑھے تیرہ سو ہونے کا بھی انکشاف کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ جو پاکستانی خواتین بغیر محرم کے سعودی عرب میں ہیں وہ مقررہ تاریخ سے پہلے واپس جا سکتی ہیں جبکہ اپنوں کی تلاش کے لئے آنے والوں کے ویزے کی معیاد بڑھا دی جائیگی۔ دوسری طرف شہدا کے اہل خانہ نے مکہ کے سردخانے میں رکھی گئی میتوں کی خراب حالت پر شدید احتجاج کیا اور حکومت سے معاملے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ اہلخانہ کا کہنا تھا کہ ایک طرف ان کے پیارے بچھڑ چکے ہیں تو دوسری طرف پاکستانی حکام کا رویہ ان سے انتہائی غیرمناسب ہے۔