منی پاکستان اور ملک کا معاشی حب کراچی سیف سٹی پروجیکٹ سے محروم

کراچی (92 نیوز) پاکستان کا سب سے بڑا شہر کراچی سیف سٹی پروجیکٹ سے محروم ہے جبکہ شہر میں لگے کیمروں کی حالت بھی انتہائی خراب ہے۔
کراچی کو منی پاکستان اور ملک کا معاشی حب کہا جاتا ہے مگر جب بات کی جائے شہر سے جرائم کی روک تھام اور شہریوں کی حفاظت کی تو کوئی خاطر خواہ انتظامات نہیں۔
شہر کی نگرانی کے لیے لگائے گئے کیمروں کی تعداد تو انتہائی قلیل ہے ہی مگر جو کیمرے نصب ہیں ان کی آنکھوں سے بھی ملزمان اکثر اوجھل ہی رہتے ہیں۔ نتیجہ ملزمان صاف بچ نکلنے میں کامیاب ہو جاتے ہیں۔
شہری حکومت اور ٹریفک پولیس نے شہر کی نگرانی کے لیےمختلف مقامات پر 22 سو کیمرے لگا رکھے ہیں مگر یہ تعداد کراچی جیسے بڑے شہر کے لیے ناکافی ہے۔
کراچی پولیس چیف ڈاکٹر امیر شیخ کہتے ہیں شہریوں کی حفاظت اور ملزمان کو لگام ڈالنے کے لیے جلدہی کلوز سرکٹ کیمرے نصب کیے جائیں گے۔
پولیس افسران کا کہنا ہے کہ ہے نئے کیمرے ہاٹ اسپاٹ پر لگانے کی سفارش کی ہے تاکہ سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے واردتوں کو روکا جا سکے۔