منی لانڈرنگ کیس ، شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت میں دو اگست تک توسیع
لاہور (92 نیوز) منی لانڈرنگ کیس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت میں دو اگست تک توسیع کر دی گئی۔
بینکنگ جرائم عدالت میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز طلبی کے وقت سے سوا 2 گھنٹے تاخیر سے عدالت پیش ہوئے۔ ایڈیشنل سیشن جج سید علی عباس نے کیس کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران شہباز شریف نے ایف آئی اے کی تفتیشی ٹیم پر ہراساں کرنے کا الزام لگا دیا۔ مؤقف اختیار کیا کہ میرے ساتھ ایف آئی اے تفتیشی ٹیم نے غیر مناسب رویہ رکھا۔ ایف آئی اے میں میری موجودگی میں بد ترین بد تمیزی کی گئی۔ میری موجودگی میں کسی اور کو بلا کر گلا پھاڑ کر باتیں کی گئیں۔
درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ منی لانڈرنگ الزامات میں نیب کی ناکامی کے بعد ایف آئی اے نے بے بنیاد تفتیش شروع کر دی۔ شہباز شریف نے استدعا کی کہ ایف آئی اے کے مقدمہ میں شامل تفتیش ہونا چاہتا ہوں، عبوری ضمانت منظور کی جائے۔
شہبازشریف کا کہنا تھا کہ میں نے بڑے واضح انداز میں ایف آئی اے کو جواب دیا ، کہا میں نے قانون اور اعلی عدلیہ کے فیصلے کے باوجود اپنے خاندان اور پنجاب کی شوگر ملز کو نقصان پہنچایا۔ منی لانڈرنگ تب ہوتی ہے جب کرپشن ہو۔
عدالت نے ایف آئی اے کو دوران تفتیش شہباز شریف کو ہراساں کرنے سے روک دیا۔ شہباز شریف نے اپنے دور کے پرانے کاموں کو پھر سے دہرایا ، کہا 5 ہزار میگا واٹ بجلی ہے ، منصوبے اپنے دور میں لگائے، قومی خزانے کو 250 ارب کا فائدہ ہوا۔ ساہیوال کول پراجیکٹ لگایا، صنعتوں کی چمنیوں سے دھواں نکلنا بند ہو گیا تھا ہم نے مقررہ وقت سے 7 ماہ پہلے منصوبہ مکمل کیا۔ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ چین کیساتھ منافع میں سے علاج معالجے میں تعاون کا معاہدہ کیا۔
میڈیاسے بات چیت میں مسلم لیگ ن کے رہنما عطاتارڑ نے کہا کہ شہزاد اکبر نے عمران خان نیازی کو خوش کرنے کے لئے بے بنیاد کیس بنائے۔
مسلم لیگ ن کے کارکن بھی پارٹی قیادت سے اظہاریکجہتی کے لیے عدالت پہنچے۔ اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔