Friday, December 3, 2021
English News آج کا اخبار براہراست نشریات(UK) براہراست ٹی وی
English News آج کا اخبار
براہراست نشریات(UK) براہراست ٹی وی

منی لانڈرنگ کیس، شہباز شریف اور حمزہ شہباز کیخلاف سماعت گیارہ دسمبر تک ملتوی

منی لانڈرنگ کیس، شہباز شریف اور حمزہ شہباز کیخلاف سماعت گیارہ دسمبر تک ملتوی
November 20, 2021 --- ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) منی لانڈرنگ کیس میں ایف آئی اے کی استدعا پر شہباز شریف اور حمزہ شہباز کیخلاف سماعت گیارہ دسمبر تک ملتوی کر دی گئی۔

بینکنگ جرائم کورٹ میں مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف اور پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کیخلاف  منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی۔ دونوں رہنما عدالت پہنچے اور حاضری مکمل کروائی۔

شہباز شریف نے موقف اختیار کیا کہ کیس سے ان کا کوئی تعلق نہیں، یہ کاروبار انکے بچوں کا ہے۔ ان کا کہنا تھا یہ مل میرے  والد نے مجھے دی جو اب میں اپنے بچوں کو دے چکا ہوں۔ نہ تو میں اس مل کا شیئر ہولڈر ہوں اور نہ ہی ڈائریکٹر۔ اس مل کا ایک ڈھیلا بھی میرے اکاؤنٹ میں نہیں آیا۔ اربوں روپے کا نقصان میرے بچوں کی ملوں کو ہوا۔

عدالت نے استفسار کیا کہ کیا اس بات کا اس کیس سے کوئی تعلق ہے؟شہباز شریف کا کہنا تھا جی بالکل اس بات کا اس کیس سے تعلق ہے اور اسی بنا پر یہ کیس بنایا گیا ہے۔

عدالت نے ایف آئی اے کے وکیل سے سوال کیا کہ کب تک فائنل رپورٹ دیں گئے، ورنہ آپ کی ٹیم کو شوکاز جاری کرینگے۔ اس پر ایف آئی اے کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ اس کیس کے مرکزی کردار محمد عثمان نے ضمانت کروالی ہے۔ وہ اکاونٹ ہولڈرز جن کو پیسے ملے تھے ان کے بھی وارنٹ گرفتاری نہیں ملے۔

عدالت نے تمام ملزمان کو تحقیقات میں شامل ہونے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت گیارہ دسمبر تک ملتوی کر دی۔