منی لانڈرنگ کیس ، انور مجید اور ان کے بیٹے 3 روزہ ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے
کراچی (92 نیوز) سندھ میں 35 ارب روپے منی لانڈرنگ کیس میں مقامی عدالت نے انور مجید اور ان کے بیٹے کو 3 روزہ ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کر دیا ۔
سندھ میں اربوں روپے منی لانڈرنگ کے کیس میں عبدالغنی مجید کو جسمانی ریمانڈ ختم ہونے کے بعد مقامی عدالت میں پیش کیا گیا ۔
اومنی گروپ کے سربراہ انور مجید کو طبعیت خرابی کے باعث عدالت نہیں لایا گیا ۔
ملزم کے وکیل نے ایف آئی اے پر ملزم پر تشدد کا الزام لگا دیا اور بتایا کہ تفتیش کے نام پر ذہنی اذیت دی جارہی ہے ۔ وکیل کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے عبدالغنی مجید کو مارنا چاہتی ہے ۔
عدالت نے دلائل سننے کے بعد انور مجید اور عبدالغنی مجید کو 27 اگست تک ایف آئی اے کے حوالے کر دیا ۔ عدالت نے عبدالغنی مجید کے طبی معائنے کا بھی حکم دیا ۔
پیپلزپارٹی کے رہنماء عبدالقیوم سومرو بھی سماعت کے دوران
عدالت پہنچے ۔ سوال پوچھنے پر کہنے لگے آصف زرداری نے مانیٹرنگ کے لیے نہیں بھیجا ۔
عبدالقیوم سومرو نے کہا پیپلزپارٹی نے ہمیشہ قانون کا احترام کیا ہے ۔ ۔