منی بجٹ پر کسی اتحادی نے اعتراض نہیں کیا، فواد چودھری

کراچی (92 نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری کا کہنا ہے منی بجٹ پر کسی اتحادی نے اعتراض نہیں کیا۔ نہ ہی کچھ ایسا ہے جس کی مخالفت کی جائے۔
فواد چودھری نے منی بجٹ جلد پاس ہونے کی امید ظاہر کر دی۔ کراچی میں میڈیا سے گفتگو میں کہا بل بیس جنوری تک منظور ہو جائے گا۔
انہوں نے کہا عالمی سطح پر مہنگائی کے اثرات پاکستان پر پڑ رہے ہیں۔ تیس سال کی خرابیاں تین سال میں بہتر کرنا ممکن نہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے صحت کارڈ منصوبے میں عدم شمولیت پر سندھ حکومت پر تنقید کی اور کہا سندھ حکومت بھی صوبے میں صحت کارڈ شروع کرے۔ انہوں نے نجی شعبہ کو ملازمین کی تنخواہیں بڑھانے کا مشورہ دیا اور پاکستان میں کھاد کی قیمت دنیا سے کم قرار دی۔ کراچی میں عالمگیر خان سے والد کی وفات پر تعزیت بھی کی۔