ملک کے مختلف شہروں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ، معمولات زندگی شدید متاثر
لاہور (92 نیوز) ملک کے مختلف شہروں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے، لاہور، ملتان سمیت کئی شہروں میں بجلی کی آنکھ مچولی نے معمولات زندگی شدید متاثر کردئیے۔
بجلی بحران کے باعث غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ جاری ہے، ذرائع پاور ڈویژن کے مطابق بجلی کا شارٹ فال 6 ہزار میگاواٹ تک پہنچ گیا۔ بجلی کی مجموعی پیداوار 19 ہزار میگاواٹ جبکہ طلب 25 ہزار میگاواٹ ہے۔
لاہور میں بدترین لوڈشیڈنگ کا سلسلہ شروع ہوگیا، رات بھر بجلی کی ٹرپنگ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے شہریوں کا جینا محال کر دیا۔ شہر کے مختلف علاقوں میں ہر گھنٹے کے بعد ایک گھنٹہ بجلی بند ہونے لگی۔ این پی سی سی کی جانب سے لیسکو کو 3950 میگاواٹ بجلی فراہم کی جا رہی ہے، لیسکو کو 650 میگاواٹ شارٹ فال کا سامنا ہے۔
شاہدرہ، کریم پارک، بیگم کوٹ، کوٹ لکھپت، گارڈن ٹاؤن، مغل پورہ، ہربنس پورہ، کینال پارک، تاج پورہ کے علاقوں میں بھی بجلی کی آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری ہے، دیہی علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 12 گھنٹے سے تجاوز کرگیا۔