Tuesday, September 17, 2024

ملک کی بڑی سیاسی جماعت پیپلزپارٹی امیدواروں کے فقدان کا شکار

ملک کی بڑی سیاسی جماعت پیپلزپارٹی امیدواروں کے فقدان کا شکار
June 9, 2018
کراچی ( 92 نیوز) پیپلزپارٹی کو امیدواروں کی تلاش ہے ، امیدواروں کا اعلان پیپلزپارٹی کیلئے امتحان بن چکا ہے ۔ ملک کی بڑی سیاسی  جماعت  پیپلزپارٹی  پنجاب میں ابھی تک امیدواروں کا  اعلان نہ کر سکی ۔ انٹرویوز کے باوجودمطلوبہ تعداد پوری  نہیں  ہوسکی ،سندھ میں جیالے ٹکٹوں کی تقسیم پر ناراض  ہیں  جب کہ حالیہ صورتحال پر پارٹی قیادت پریشان ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی  کی بنیاد لاہور میں رکھی گئی اور ایک طویل عرصہ تک پاکستان پیپلز پارٹی نے پنجاب پر راج کیا ،  پیپلز پارٹی کو وفاق کی علامت بھی کہا جاتا رہا لیکن آج پارٹی کی زبوں حالی کا یہ عالم ہے کہ انتخابات میں حصہ لینے کے لئے اس کے پاس موزوں امیدوار ہی نہیں۔ سابق صدر آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو نے ایک سال قبل سے پنجاب میں ڈیرے ڈالے رکھے  ،  سات دن تک یوم تاسیس بھی یہیں کیا،بڑے بڑے دعوے بھی کئے گئے  ۔ پیپلز پارٹی نے وسطی اور جنوبی پنجاب کے بورڈز بھی تشکیل دیئے۔ قمر زمان کائرہ کی زیرصدارت پارلیمانی بورڈ نے وسطی پنجاب کے لئے انٹرویو بھی کئے لیکن مطلوبہ تعداد میں امیدوار میسر نہیں ، ذرائع کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے پارٹی کی قیادت انتہائی پریشان ہے۔ گزشتہ روز مفاہمت کے شہنشاہ کہلانے والے آصف زرداری نجی طیارے سے اس لئے ملتان پہنچے کہ حامد سعید کاظمی کوالیکشن کے لئے منالیں لیکن اس مرتبہ مفاہمت کے شہنشاہ کے حصہ میں ناکامی آئی اور حامد سعید کاظمی نے پیپلز پارٹی کی جانب سے انتخاب میں حصہ لینے سے معذرت کر لی ۔ ایسے وقت میں جب پی ٹی آئی اپنے امیدواروں کا اعلان کر چکی ہے  ، مسلم لیگ ن کے متوقع امیدوار بھی سامنے آ چکے ہیں ، پیپلز پارٹی کی جانب سے امیدواروں کا ایک بھی نام سامنے نہ  آنا اپنی جگہ خود حیرت کا باعث ہے۔