Friday, October 7, 2022

ملک کو لوٹنے والوں کے ہاتھوں میں ہتھکڑیاں ڈالی جائیں : سراج الحق

ملک کو لوٹنے والوں کے ہاتھوں میں ہتھکڑیاں ڈالی جائیں : سراج الحق
لاہور (92نیوز) پشاور سے چلنے والا جماعت اسلامی کا کرپشن فری پاکستان ٹرین مارچ سراج الحق کی قیادت میں لاہور پہنچ گیا۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پانامہ لیکس میں کسی غریب کا نہیں کرپٹ اشرافیہ کا نام آیا ہے۔ ملک میں کرپشن کا دور دورہ ہے۔ یہاں پانی والی ٹینکیوں سے نوٹ نکل رہے ہیں‘ ملک کو لوٹنے والوں کے ہاتھوں میں ہتھکڑیاں ڈالی جائیں۔ تفصیلات کے مطابق جماعت اسلامی کا ٹرین مارچ لاہور پہنچا تو کارکنوں نے شرکا کا پرتپاک استقبال کیا اور پتیاں نچھاور کیں۔ اس موقع پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ ملک میں کرپشن کا دور دورہ ہے۔ بلوچستان میں پانی کی ٹینکیوں سے نوٹ نکل رہے ہیں۔ جماعت اسلامی ملک کو لوٹنے والوں کے ہاتھوں میں ہتھکڑیاں ڈالے گی۔ اس سے پہلے جماعت اسلامی کا کرپشن کےخلاف ٹرین مارچ پشاور کینٹ ریلوے اسٹیشن سے شروع ہوا تو اپنے سفر کے آغاز میں سراج الحق کا کہنا تھا کہ پاکستان کو اشرافیہ نے لوٹا۔ پانامہ لیکس میں کسی غریب کا نہیں‘ بدعنوان اشرافیہ کے نام آئے ہیں۔ ٹرین مارچ نوشہرہ، اٹک سے گزرتا ہوا راولپنڈی پہنچا۔ روالپنڈی کے بعد ٹرین مارچ کے شرکا جہلم، گجرات اور گوجرانوالہ سے گزرتے ہوئے بدھ کی رات لاہور پہنچے جہاں سے ٹرین مارچ آج صبح کراچی کے لئے روانہ ہوگا۔