Friday, December 2, 2022

ملک کو فوجی عدالتوں کی اب بھی ضرورت ہے ، فواد چودھری ‏

ملک کو فوجی عدالتوں کی اب بھی ضرورت ہے ، فواد چودھری ‏

اسلام آباد ( 92 نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری  کا کہنا ہے کہ ملک کو فوجی عدالتوں کی اب بھی ضرورت ہے ،  سیاسی جماعتیں نہ مانیں تو ملٹری کورٹس کی مدت میں توسیع نہیں ہوگی۔

وزیر اطلاعات فواد چودھری  نے بی بی سی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ فوجی عدالتوں کا قیام غیر معمولی حالات میں ایک غیر معمولی قدم تھا۔ حکومت سمجھتی ہے کہ فوجی عدالتوں نے کامیابی کے ساتھ ڈلیور بھی کیا، فوجی عدالتوں کی اب بھی ضرورت ہے۔

فواد چودھری نے بتایا کہ حکومت فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع کے معاملے پر اتفاقِ رائے پیدا کرنے کی کوشش کرے گی، اگر سیاسی جماعتیں متفق نہ ہوئیں تو فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع نہیں ہو گی۔

فواد چودھری کا کہنا تھا کہ ہم دہشت گردی کو مکمل شکست دینے کے بہت قریب ہیں ۔

فوجی عدالتیں  پشاور کے آرمی پبلک اسکول پر حملے کے بعد نیشنل ایکشن پلان کے تحت  2015 میں قائم کی گئیں تھیں۔ یہ عدالتیں ابتدائی طور پر دو سال کی مدت کے لیے قائم ہوئیں تاہم مارچ 2017 میں مسلم لیگ ن کی حکومت نے 23 ویں آئینی ترمیم کے ذریعے ان کی مدت میں دو سال کی توسیع کی تھی۔