Wednesday, December 1, 2021
English News آج کا اخبار براہراست نشریات(UK) براہراست ٹی وی
English News آج کا اخبار
براہراست نشریات(UK) براہراست ٹی وی

ملک میں 3 ماہ کیلئے گیس بحران رہے گا، فواد چودھری

ملک میں 3 ماہ کیلئے گیس بحران رہے گا، فواد چودھری
November 9, 2021 --- ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) وفاقی وزیراطلاعات فواد چودھری نے خبر دار کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں 3 ماہ کے لیے گیس بحران رہے گا۔

وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ ہر چیز پر سبسڈی دیتے رہے تو ملک کیسے چلے گا؟، انہوں نے کہا افغانستان میں لوگ چاول اور گندم کے لیے بچے بیچ رہے ہیں، افغان بھائیوں کی مدد کے لیے خصوصی فنڈ قائم کردیا۔

انہوں نے کہا کہ دنیا نے اپنا کردار ادا نہ کیا تو افغانستان میں انسانی المیہ جنم لے سکتا ہے، اس وقت بھی افغانستان کی صورتحال کسی المیے سے کم نہیں، توجہ نہ دی گئی تو افغانستان کی صورتحال شام اور یمن کے بحران کو بھی پیچھے چھوڑ دے گی۔ 2 کروڑ 30 لاکھ افغانی بھوک کا شکار ہیں، کابینہ نے فیصلہ کیا ہے افغانستان کو گندم اورچاول بھجوائے جائیں۔ پاک افغان تجارتی معاہدے میں 6 ماہ کی توسیع کی گئی ہے۔ مزید کہا کہ مسلم اُمہ سے اپیل ہے افغان عوام کی مدد کے لیے آئیں۔ افغانستان کے معاملے پر او آئی سی کا اجلاس بلانے جارہے ہیں۔

فواد چودھری نے کہا، وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کل کے پارلیمان کے مشترکہ اجلاس میں ارکان اپنی حاضری یقینی بنائیں۔ پارلیمان کے جوائنٹ سیشن میں الیکٹورل سمیت دوسری قانون سازی پر کام ہوگا۔

اُن کا کہنا تھا کہ ہمارے گیس کے ذخائر سالانہ 9 فیصد کم ہورہے ہیں، برآمدی صنعت کے لیے گیس سستی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی ڈی سی کی املاک کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت دے رہے ہیں تاکہ سیاحت کو فروغ حاصل ہو۔

وزیر اطلاعات بولے کہ اب پورے ملک میں ایمرجنسی کے لیے 911 ایک ہی ہیلپ لائن ہوگی، گھریلو صارفین کے لیے گیس کی بلاتعطل سپلائی جاری رہے گی۔ سیاحت کے لیے پی ٹی ڈی سی کی اراضی کا استعمال کیا جائے گا، کابینہ میں خیبرپختونخوا اور پنجاب کی پی ٹی ڈی سی کی املاک کو لیز پر دینے کی منظوری دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے مذاکرات آئین پاکستان کے تحت جاری ہیں۔ پہلے سیز فائر کی بات ہوئی ہے، اس کے بعد دیکھیں گے آگے کیا بات چلتی ہے۔ ٹی ٹی پی سے مذاکرات میں مقامی لوگوں کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

وزیر فوادچودھری دہشت گردی کے خلاف سب سے زیادہ زخم تو پاک فوج نے کھائے ہیں، ہم یہ جنگ 20سال سے لڑ رہے ہیں، یہ جنگ ہمیشہ نہیں لڑی جاسکتی۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ بھی پاکستان کے آئین اورقانون کو مان کر آنا چاہتے ہیں ہم انہیں قومی دھارے میں آنے کا موقع دیں گے۔ کل ٹی ٹی پی نے سیزفائر کا اعلان کیا، افغانستان کی نئی قیادت بھی پاکستان میں امن چاہتی ہے۔

وزیراطلاعات نے کہا کہ نوازشریف دسمبر میں کیوں، اسی مہینے میں واپس آئیں۔ ہم چاہتے ہیں وہ اپنی کوئی تو کمٹمنٹ پوری کریں۔ شہبازشریف نے نوازشریف کی گارنٹی دی تھی انہیں چاہئے وہ نوازشریف کو واپس لائیں۔ انہوں نے مزید کہا مولانافضل الرحمٰن سردیوں میں جسم گرم رکھنے کے لیے اس طرح کی سرگرمیاں کرتے ہیں، چینی کا بحران اگلے چند روز میں ختم ہوجائے گا۔