Sunday, September 15, 2024

ملک میں کہیں چار، کہیں چھ اور کہیں آٹھ گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے، شہباز شریف

ملک میں کہیں چار، کہیں چھ اور کہیں آٹھ گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے، شہباز شریف
July 12, 2021

لاہور (92 نیوز) اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کہتے ہیں کہ، ملک میں کہیں چار، کہیں چھ اور کہیں آٹھ گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے، اگر بجلی فالتو تھی تو پھر لوڈ شیڈنگ کیوں ہو رہی ہے؟ 

سوموار کے روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہبازشریف بولے کہ، ہمارے دور میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ ختم ہوگئی تھی، ہم نے خون پسینہ بہا کر ملک سے اندھیرے ختم کئے۔ عوام خود فیصلہ کریں کون سچا ہے کون جھوٹا ہے۔

اپوزیشن رہنماء بولے کہ، نیب نیازی گٹھ جوڑ معاملے کی 3 سال تک انکوائری کرتا رہا، ہمارے دور کے پاور پلانٹس میں ایک دھیلے کی کرپشن سامنے نہیں آئی۔ ہم نے دنیا کے سستے ترین پاور پلانٹس لگائے۔ ہمارے دور کے معاہدوں کے فرانزک آڈٹ ہوچکے ہیں۔

اُنہوں نے کہا، مجھے، احسن اقبال، شاہد خاقان اور دیگر ساتھیوں کو قید کیا لیکن کچھ ثابت نہیں کر سکے۔ ہم نے پاور منصوبوں میں اربوں روپے بچائے، بدلے میں جیلیں بھگتیں۔

شہبازشریف مزید بولے کہ، ہم پر کرپشن کے لئے اضافی پاور پلانٹس لگانے کا الزام عائد کیا گیا۔ یہ لوگ ہائیڈل پاور کا ایک بھی پلانٹ نہیں لگا سکے۔ قوم کو ان 3 سال میں بےدردی سے لوٹا گیا، بدترین کرپشن ہوئی۔