Saturday, September 21, 2024

ملک میں مون سون بارشیں جاری ، نشیبی علاقے زیرآب آ گئے

ملک میں مون سون بارشیں جاری ، نشیبی علاقے زیرآب آ گئے
July 14, 2021

لاہور (92 نیوز) ملک میں مون سون بارشیں جاری ہیں۔ فیصل آباد ، چکوال، راولپنڈی اور گوجرانوالہ میں بارشوں سے نشیبی علاقے زیرآب آ گئے۔

مون سون کے پہلے اسپیل میں موسم خوشگوار ہو گیا۔ لاہور سمیت پنجاب بھر کے مختلف علاقوں میں بادل پھر برس پڑے۔ علی پورچٹھہ اور گردنواح میں گرج چمک کے ساتھ بارش سے گرمی اور حبس کا زور ٹوٹ گیا۔ منڈی بہاؤالدین میں بھی بادل خوب برسے اور نشیبی علاقے زیر آب آ گئے جبکہ بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔

گوجرانوالہ میں بھی وقفے وقفے کے ساتھ کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش ہوئی جس سے شہریوں کے چہرے کھل اٹھِے۔ سانگلا ہل میں موسلادھار بارش کے باعث بجلی کے فیڈرز ٹرپ کر گئے جس سے اکثر علاقے تاریکی میں ڈوب گئے۔

صوبائی دارالحکومت لاہور کے مختلف علاقوں میں رات گئے بوندا باندی ہوئی۔ دن کے اوقات میں مطلع جزوی ابر آلود ہے۔ بارش سے گرمی کا زور ٹوٹا تو شہریوں نے بھی سکھ کا سانس لیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں میں صوبہ بھر میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کا امکان ہے۔