Saturday, February 4, 2023

ملک میں شدید سردی کی لہر ، میدانی علاقوں میں دھند کے ڈیرے

ملک میں شدید سردی کی لہر ، میدانی علاقوں میں دھند کے ڈیرے

اسلام آباد (92 نیوز) ملک میں شدید سردی کی لہر برقرار ہے۔ میدانی علاقوں میں دھند کے ڈیرے ہیں۔ حد نگاہ کم ہونے پر شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی متاثر رہی۔

شدید دھند کے باعث شرقپور شریف کے قریب موٹروے ایم تھری پر بارہ گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں۔ مریدکے میں کالا خطائی روڈ پر مسافر بس الٹ گئی۔ فیصل آباد میں بس موٹرسائیکل سے ٹکرا گئی۔ حادثات میں چار افراد جاں بحق، متعدد زخمی ہو گئے۔

سکردو میں پارہ منفی نو، گلگت منفی چار اورکوئٹہ میں منفی دو ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا۔ اسلام آباد میں کم سے کم درجہ حرات دو ڈگری سینٹی گریڈ ، کراچی گیارہ، لاہور چھ ڈگری اور پشاور میں چار ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے زیادہ تر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔ آزادکشمیر، گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہے گا۔