Monday, October 3, 2022

ملک میں حکومت نام کی کوئی چیز نظر نہیں آتی، راجا پرویزاشرف

ملک میں حکومت نام کی کوئی چیز نظر نہیں آتی، راجا پرویزاشرف

لاہور (92 نیوز) سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ ملک میں حکومت نام کی کوئی چیز نظر نہیں آتی، قومی اداروں کو کمزور کرنا ملک کو کمزور کرنے کے مترادف ہے۔

گیپکو میں غیر قانونی بھرتیوں کے مقدمے میں پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماء اور سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف لاہور کی احتساب عدالت میں پیش ہوئے، عدالت پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی پر کسی دوسری جماعت کا کوئی اثر نہیں ہوتا ان کی پارٹی ملک بھر میں جلسے کر رہی ہے۔

راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی ایک بڑی سیاسی جماعت ہے، سیاسی اتحاد کا فیصلہ انتخابات قریب آنے پر کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری سےملاقات اظہار یکجہتی کیلئے کی تھی، سانحہ ماڈل ٹاؤن کےذمہ داروں کو سزا ملنی چاہئے۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ موجودہ حکومت اپنی افادیت کھو چکی ہے جس کا اعتراف اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے خود کیا ہے۔