Sunday, December 5, 2021
English News آج کا اخبار براہراست نشریات(UK) براہراست ٹی وی
English News آج کا اخبار
براہراست نشریات(UK) براہراست ٹی وی

ملک بھر میں 123 آزاد امیدواروں کو جیپ کا انتخابی نشان الاٹ کیاگیا

ملک بھر میں 123 آزاد امیدواروں کو جیپ کا انتخابی نشان الاٹ کیاگیا
July 22, 2018
اسلام آباد ( 92 نیوز ) ملک بھر میں 123 آزاد امیدواروں کو جیپ کا انتخابی نشان الاٹ کیا گیا ہے ، جیپ کے نشان پر الیکشن لڑنے والوں میں زیادہ تعداد مسلم لیگ ن کے ٹکٹس واپس کرنے والوں کی ہے۔ الیکشن کی گہما گہمی عروج پر ہے، جہاں تمام سیاسی جماعتیں میدان میں ہیں ، وہیں جیپ کے نشان پر الیکشن لڑنے والے آزاد امیدواروں کی تعداد بھی 123 ہے  اور اگر یہ جیتنے کے بعد متحد ہو گئے اور کچھ دیگر ارکان کو بھی ساتھ ملا لیا تو سیاسی منظر نامے پر جیپ کی ریس قابل دید ہوگی ۔ اسلام آباد کے تین حلقوں پر آزاد امیدوار جیپ کے نشان پر الیکشن لڑ رہے ہیں ، این اے59اور این اے63سے چودھری نثار جیپ کے نشان پر تحریک انصاف کے غلام سرور خان کے خلاف برسرپیکار ہیں ۔ فاٹا سے 9 نشستوں پر جیپ کے نشان پر آزاد امیدوار سیاسی دنگل میں اترے ہیں جبکہ خیبرپختونخوا سے 11 سیٹوں پر جیپ کی ریس ہوگی ، سب سے زیادہ پنجاب سے67نشستوں پر آزاد امیدوار جیپ کے نشان پر الیکشن لڑ رہے ہیں ۔ بلوچستان سے 11، جبکہ سندھ سے22امیدوار جیپ کی ریس لگا رہے ہیں ، سردار غلام عباس، منصور حیات ٹمن، منصور سرور، دوست محمد کھوسہ، شیرعلی گورچانی اور زعیم قادری بھی جیپ کے نشان پر الیکشن لڑ رہے ہیں ۔ ملک بھر میں مجموعی طور پر 123 آزاد امیدوار جیپ کے انتخابی نشان پر قسمت آزما رہے ہیں ، دیکھنا یہ ہے کہ کیا 25 جولائی کو جیپ کی ریس بہت ساروں کو اپنی گرد میں گم کر سکے گی یا نہیں۔