ملک بھر میں یوم حضرت علیؓ عقیدت و احترام سے منایا جا رہاہے
لاہور ( 92 نیوز ) امیرالمؤمنین حضرت سیدنا علی المرتضیٰ ؓکے یوم شہادت کی مناسبت سے مختلف شہروں میں مجالس اور جلوسوں کا سلسلہ جاری ہے ، اس موقع پر سیکیورٹی کے بھی انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔
مولود کعبہ امیرالمومنین حضرت سیدنا علی المرتضیٰ شیرخدا ؓ کے یوم شہادت کے موقع پر شہر شہر نگر نگر مجالس اور جلوسوں کا سلسلہ جاری ہیں ، لاہور میں مرکزی جلوس موچی گیٹ سے برآمد ہوا، جو روایتی راستوں سے ہوتا ہوا کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔
راولپنڈی میں امام بارگاہ زینب موہن ہورہ سے برآمد ہونے والا جلوس امام بارگاہ کرنل مقبول پہنچ کر اختتام پذیر ہوگیا۔
کراچی میں مرکزی جلوس بوتراب اسکاؤٹس کی زیرقیادت نشترپارک سے برآمد ہوا، جو مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیاں امام بارگاہ کھارادر پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔
کوئٹہ میں مرکزی جلوس رات ساڑھے نو بجے علمدار روڈ سے برآ مد ہو گا، جو صادق شہید روڈ، میکانگی روڈ اور آرٹ اسکول روڈ سے ہوتا ہوا پرنسل روڈ پر امام بارگاہ کلاں پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا ۔
جہلم میں مرکزی جلوس شام پانچ بجے جعفریہ امام گاہ سے برآمد ہو کر مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا میدان پاکستان میں اختتام پذیر ہوگا ۔ بہاولپور میں امام بارگاہ حسینی چوک سے جلوس برآمد ہوا جو مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینی چوک پہنچ کر اختتام پذیر ہوگیا ۔ بھکر میں امام بارگاہ مہاجرین سے برآمد ہونے والا جلوس مقررہ راستوں پر رواں دواں ہے ۔
لاڑکانہ میں سید منظور حسین شاہ کاظم شاہ، اور کھچی امام بارگاہوں سے مرکزی جلوس برآمد ہوا، جو پاکستان چوک پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوگیا ۔
ملتان میں مرکزی جلوس امام بارگاہ کاشانہ حیدریہ سے برآمد ہوا، شجاع آباد میں ملتانی گیٹ سے برآمد ہونے والا جلوس مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا ۔
اس موقع پر تمام شہروں میں سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔