ملک بھر میں ڈینگی بخار کے مریضوں کی تعداد ساڑھے 8 ہزار سے تجاوز

اسلام آباد (92 نیوز) ملک بھرمیں ڈینگی بخار کے مریضوں کی تعداد ساڑھے 8 ہزار سے تجاوز کرگئی۔ ڈینگی نے 31 افراد کی جان بھی لے لی۔ وبائی صورتحال پر قابو پانے کے لیے وفاقی حکومت صوبوں سے تعاون کو تیار ہو گئی۔ اس سلسلے میں ڈینگی رابطہ کمیٹی بھی تشکیل دیدی گئی ۔
ڈینگی کی وبائی صورتحال سے چاروں صوبوں میں مریض متاثر ہوئے۔ وفاقی حکومت نے ڈینگی بخار کے مریضوں کا ڈیٹا حاصل کرلیا۔ اعداد و شمار کے مطابق رواں سال جنوری سے ستمبر تک ملک بھر میں ڈینگی کے 8 ہزار 786 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔ اموات کی تعداد 31 تک پہنچ گئی ہے۔
اس سال ڈینگی نے سب سے زیادہ خیبر پختونخوا کے شہریوں کو متاثر کیا ہے۔
وزارت قومی صحت نے ڈینگی سے بچاو اور روابط کو موثر بنانے کے لیے وفاقی اور صوبائی صحت حکام کا اجلاس بلایا ہے۔ جس میں قومی ادارہ صحت کے حکام نے اعدادوشمار پیش کیے کہ خیبر پختونخوا مییں ڈینگی کا مرض وبائی صورت اختیار کرچکا ہے جہاں رواں سال اب تک 7 ہزار 382 مریض سامنے آئے جن میں 31 کی موت واقع ہوگئی۔
دوسرے نمبر پر سندھ میں 1005 مریضوں کو ڈینگی بخار ہوا، پنجاب میں اب تک 130، بلوچستان میں 38 ، فاٹا میں 101 اور آزاد کشمیر میں 5 افراد ڈینگی کا شکار ہوئے۔ وفاقی دارالحکومت میں بھی 75 مریض ڈینگی سے متاثر ہوئے۔
وزیر قومی صحت کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس وفاق اور صوبے مل کر کام کرنے پر متفق ہوگئے۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر قومی ادارہ صحت کی سربراہی میں ڈینگی رابطہ کمیٹی بھی تشکیل دیدی گئی۔
کمیٹی مرض سے بچاو عوامی آگاہی مہم اور مشترکہ حکمت عملی تیار کرے گی اور روابط کو مزید موثر بنائے گی۔