Saturday, July 27, 2024

ملک بھر میں شب معراج انتہائی عقیدت و احترام سے منائی جا رہی ہے

ملک بھر میں شب معراج انتہائی عقیدت و احترام سے منائی جا رہی ہے
May 4, 2016
لاہور (92نیوز) مکہ اور مدینہ منورہ میں شب معراج مذہبی عقیدت و احترام سے منائی گئی جبکہ پاکستان میں آج اس روحانی شب عاشقان رسول صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم انتہائی گریہ و زاری سے اللہ تعالیٰ کے آگے سجدہ ریز ہونگے۔ نائنٹی ٹونیوزنے اس موقع پرخصوصی نشریات کا اہتمام کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق شب معراج مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موقع پر مکہ و مدینہ کی فضائیں حمدو ثنا و درود شریف سے معطر ہو گئیں جبکہ پاکستان میں عاشقان رسول صلی اللہ وعلیہ آلہ وسلم اللہ تعالیٰ سے گناہوں کی معافی مانگ رہے ہیں اور اسلام کی سربلندی کے لئے دعائیں مانگی جا رہی ہیں۔ معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ایک بے مثال معجزہ اور امام الانبیاءصلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا وہ عظیم سفرہے جس کا اعلان خود اللہ تعالیٰ نے قرآن کریم کی سورة بنی اسرائیل میں فرمایاہے۔ ارشاد باری تعالیٰ ہے : ”وہ ذات (ہر کمزوری اور نقص سے) پاک ہے جو رات کے تھوڑے سے حصہ میں اپنے (محبوب و مقرب) بندے کو مسجد حرام سے (اس) مسجداقصیٰ تک لے گئی جس کے اردگردکو ہم نے بابرکت بنادیا ہے تاکہ ہم اس( بندہ کامل ) کو اپنی نشانیاں دکھائیں۔ بیشک وہی خوب سننے والا ،خوب دیکھنے والا ہے۔“ امام الانبیاءصلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ایک رات مکہ مکرمہ میں اپنی خالہ زادبہن حضرت ام ہانی رضی اللہ عنہا کے گھر قیام فرما تھے کہ حضرت جبرائیل علیہ السلام کم و بیش پچاس ہزار فرشتوں اور براق کے ہمراہ حاضر خدمت ہوئے اور اللہ تعالیٰ کا پیغام سنایا اور یہ سفر شروع ہوا۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم مکہ مکرمہ سے بیت المقدس پہنچے جہاں حضرت آدم علیہ السلام سے لے کر حضرت عیسیٰ علیہ السلام تک تمام انبیاءکرام علیہم السلام نے امام الانبیاءصلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی اقتدامیں نمازادا فرمائی اور بیت المقدس سے آسمانوں کا سفر شروع فرمایا جس کو احادیث مبارکہ میں تفصیل کے ساتھ بیان کیا گیا ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے پہلے آسمان سے لے کر ساتویں آسمان تک مختلف مقامات پر انبیاءکرام سے ملاقاتیں فرمائیں۔ سدرةالمنتہی اور لامکاں کی سیر فرمائی اور جنت کی سیر اور دوزخ کامشاہدہ فرمایا اور اللہ تعالیٰ نے امام الانبیاءصلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو امت کیلئے نماز کا تحفہ عطا فرمایا اور اس کو مومن کیلئے معراج قرار دیا۔