ملک بھر میں شب قدر عقیدت و احترام سے منائی جا رہی ہے
لاہور ( 92 نیوز ) ملک بھر میں شب قدر عقیدت و احترام سے منائی جا رہی ہے ، شب قدر کی عظمت اور فضیلت ہمیشہ سے مسلّم رہی ہے ،یہ رات گناہ گاروں کی مغفرت اور جہنم سے نجات کی رات ہے ، یہ رات عبادت، تسبیح و تلاوت، درود شریف کی کثرت، توبہ استغفار، کثرتِ نوافل اور احتساب عمل کی رات ہے ۔
رمضان المبارک کے آخری عشرہ کی سب سے اہم فضیلت شب قدر ہے ، اسی رات میں قرآن پاک کا نزول ہوا ، اس مبارک رات آسمان کے دروازے کھلے رہتے ہیں ۔
سرکار دو عالمﷺ کا ارشاد ہے جو شخص ایمان کے ساتھ اور ثواب کی نیت سے رمضان کے روزے رکھے اور شب قدر میں عبادت کرے اس کے پچھلے تمام گناہ معاف کردیئے جائیں گے ۔اللہ سبحانہ وتعالی نے اس رات کی فضیلت میں سورة قدر نازل فرمائیاس رات فرشتے خیر و برکت اور رحمت کے ساتھہ نزول کرتے ہیں ۔
یہ وہ رات ہے، جو رزق مانگنے والوں کو رزق، عافیت چاہنے والوں کو عافیت ، صحت کی تمنا کرنے والوں کو تندرستی ، اولاد کے خواہش مندوں کو اولاد کی نعمت اور مغفرت کے متلاشیوں کو بخشش عطا کرتی ہے ۔
رمضان المبارک کا بابرکت مہینہ اہل ایمان کی جھولیاں بھرکررخصت ہوجاتا ہے اور جاتے جاتے شب قدر کی صورت میںایسا تحفہ عطا کرتا ہے جس کے بارے قرآن کریم میں فرمایا گیا ہے کہ شب قدر ہزار مہینوں سے بہتر ہے ۔