Tuesday, October 4, 2022

ملک بھر میں جشن میلاد النبی ﷺ پورے مذہبی جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا

ملک بھر میں جشن میلاد النبی ﷺ پورے مذہبی جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا

اسلام آباد (92 نیوز) ملک بھر میں جشن میلاد النبی ﷺ پورے مذہبی جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔ لاہور ، اسلام آباد ، کراچی ، کوئٹہ اور پشاور میں عاشقان رسول ﷺ نے جلوس نکالے اور درود و سلام کی محافل کا انعقاد کیا۔ نعت خواں حضرات نے حضور نبی کریم ﷺ کی مدح سرائی کی جبکہ علما نے آپ ﷺ کی زندگی کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔
جشن عید میلا دالنبی ﷺ کے سلسلے میں ملک بھر میں محافل کا انعقاد کیا گیا۔ لاہور میں دن کا آغاز اکیس توپوں کی سلامی سے ہوا جس کے بعد شہر بھر میں چھوٹے بڑے کئی جلوس نکالے گئے جن میں حبیب خدا ﷺ سے محبت رکھنے والوں کی کثیر تعداد شریک ہوئی جبکہ فضا درود سلام کی صداؤں سے معطر ہو گئی۔
گلیاں ، بازار ، عمارتیں ،مساجد خوب سجائی گئیں۔
اسلام آباد اور راولپنڈی میں بھی عید میلاد النبی ﷺ بھر پور انداز سے منایا گیا۔ اسلام آباد اور راولپنڈی کے بازاروں کو برقی قمقوں سے سجایا گیا جبکہ کئی مقامات پر کیک بھی کاٹے گئے۔
جڑواں شہروں میں نکلنے والے جلوسوں میں لوگوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔
کراچی میں جشن عید میلاد النبی ﷺشایان شان طریقے سےمنایا گیا۔ شہر بھرمیں سینکڑوں چھوٹے بڑے جلوس نکالے گئے۔ مرکزی جلوس نیومیمن مسجد سے نکل کر نشترپارک پہنچ کر اختتام پذیر ہوا جہاں علما کرام نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے آپ ﷺ کی زندگی کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔
پشاور میں بھی کئی چھوٹے بڑے جلوس نکالے گئے جن میں لوگوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ شہر بھر میں میلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں محافل کا انعقاد بھی کیا گیا جن میں نعت خواں حضرات نے مدح سرائی کی ۔
کوئٹہ میں جشن عید میلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں جلوس نکالے گئے جبکہ شہر کی ہر گلی کو سجایا گیا۔
اس موقع پر تمام بڑے شہروں میں سکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کئے گئے تھے۔