Saturday, July 27, 2024

ملکی سیاسی صورتحال پر غور کیلئے بلاول بھٹو کی جانب سے آج اعلیٰ سطحی اجلاس اسلام آباد میں طلب

ملکی سیاسی صورتحال پر غور کیلئے بلاول بھٹو کی جانب سے آج اعلیٰ سطحی اجلاس اسلام آباد میں طلب
April 13, 2016
لاہور (نائنٹی ٹو نیوز) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے پارٹی کا اعلیٰ سطحی اجلاس آج اسلام آباد میں طلب کر لیا ہے جس میں تحریک انصاف کی جانب سے رائیونڈ مارچ میں شرکت کی دعوت سمیت ملک کی سیاسی صورتحال پر غور کیا جائے گا۔ بلاول بھٹو کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں پانامہ لیکس کے انکشافات پر پیدا ہونے والی صورتحال میں پیپلزپارٹی کے ممکنہ کردار پر مشاورت ہو گی جبکہ تحریک انصاف کی جانب سے رائیونڈ مارچ میں شرکت کی دعوت پر بھی غور کیا جائے گا۔ تحریک انصاف نے پیپلزپارٹی کو پانامہ لیکس کے معاملے پر مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنے کی دعوت دی ہے۔ ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی سولو فلائٹ کرے گی یا دیگر جماعتوں کے ساتھ مل کر چلے گی اس حوالے سے بھی آج مشاورت ہو گی۔ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ اور سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر اعتزاز احسن کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف سے ہونے والی ملاقاتوں پر بریفنگ دی جائے گی۔ اجلاس میں سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف سمیت سینیٹ اور قومی اسمبلی کے اندر اور باہر موجود پیپلزپارٹی کے اہم رہنما بھی اجلاس میں شرکت کریں گے۔