Saturday, July 27, 2024

ملکی استحکام کیلئے جمہوری عمل کا تسلسل ناگزیر ہے، صدر، وزیراعظم

ملکی استحکام کیلئے جمہوری عمل کا تسلسل ناگزیر ہے، صدر، وزیراعظم
March 23, 2018

اسلام آباد (92 نیوز) صدر ممنون حسین نے کہا ہے کہ تئیس مارچ ہم سے تقاضا کرتا ہے کہ ہم پاکستان کو اس بلندی تک لے جانے کے عزم کا اعادہ کریں جس کا خواب ہمارے بزرگوں نے دیکھا تھا۔

انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہم بابائے قوم قائداعظم محمدعلی جناح، فلسفی شاعر ڈاکٹر علامہ محمداقبال اور تحریک پاکستان کے دیگرعظیم رہنمائوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنی دلیرانہ جدوجہد، پختہ عزم اور بے مثال قربانیوں کے ذریعے قیام پاکستان کی راہ ہموار کی۔

انہوں نے کہا کہ یہ دن ہمیں اس بات کی یاد دلاتا ہے کہ پاکستان ایک جمہوری جدوجہد کے ذریعے قائم کیا گیا تھا اور ملک کی ترقی اور خوشحالی جاری رکھنے کیلئے جمہوریت ناگزیر ہے۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اپنے پیغام میں کہا کہ ہمیں مستقبل کی منصوبہ بندی کیلئے اپنے ماضی کومدنظر رکھنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی کامیابیوں کے ساتھ ساتھ خامیوں اور کوتاہیوں کا بھی جائزہ لینا چاہیے۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پاکستان جمہوری جدوجہد کے ذریعے معرض وجود میں آیا اور اس کی بقاء، سلامتی، سا لمیت، ترقی اور خوشحالی بھی جمہوریت میں ہی مضمرہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہم قانون کی حکمرانی اور آئین کی بالادستی کے بغیر کامیاب نہیں ہوسکتے۔